افغان کانفرنس، بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی توقع نہیں، شاہ محمود قریشی

جمعرات 28 جنوری 2010 14:55

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔28جنوری۔ 2010ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ لندن میں افغان کانفرنس کے دوران بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی توقع نہیں رکھتے کیونکہ مذاکرات کے لیے بھارت کا موقف غیر واضح ہے،آئی پی ایل کے معاملے نے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ بڑھا دیا ہے ،ممبئی حملوں میں حافظ سعید کے ملوث ہونے کے ثبوت ناکافی ہیں۔

(جاری ہے)

لندن میں بھارتی ٹی وی سے انٹرویو کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے بھارت میں جوش وجذبہ نظر نہیں آرہا ،اس لئے وہ بھارتی وزیر خارجہ سے ملاقات کی توقع نہیں رکھتے ۔آئی پی ایل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مسئلے نے دونوں ممالک کے درمیان تناوٴ بڑھادیا ہے۔ممبئی حملوں میں حافظ محمد سعید کے ملوث ہونے سے متعلق سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں بھارت کی طرف سے دیئے گئے شواہد ناکافی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم گیلانی کے اس بیان کا دفاع کیا کہ پاکستان مستقبل میں ممبئی جیسے حملے روکنے کے لیے کوئی ضمانت نہیں دے سکتا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ بیان حقیقت پسندانہ ہے ۔ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں پاکستانی عوام خود بھی دہشت گردی کا شکار ہیں اور دہشت گرد بعض اوقات فرار ہوجاتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :