اعلی عدلیہ میں ججز کا تقرر قانون کے مطابق کرینگے، وزیراعظم گیلانی، بھارت پاکستان کیساتھ کشمیر پر مذاکرات کیلئے تیار نہیں، تعلقات بہتر بنانے کا واحد راستہ جامع مذاکرات ہیں، اسلام آباد میں خصوصی سیکمیں شروع کر کے غریبوں کو مفت پلاٹ دیے جائیں گے، تقریب سے خطاب و میڈیا سے بات چیت

جمعرات 11 فروری 2010 13:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔11فروری۔2010ء) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ کشمیر پر مذاکرات کے لئے تیار نہیں،دونوں ممالک میں تعلقات بہتر بنانے کا واحد راستہ جامع مذاکرات ہیں،اسلام آباد میں خصوصی سیکمیں شروع کر کے غریبوں کو مفت پلاٹ دیے جائیں گے، اعلی عدلیہ میں ججز کا تقرر قانون کے مطابق کریں گے۔

جمعرات کو اسلام آباد میں وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) کے سیکٹر آئی16 کے پلاٹس کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب اوربعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کو جامع مذاکرات کاحصہ بنانے کے سوال پر بھارت کے جواب کا انتظار کرنا چاہیے، جامع مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں،مذاکرات کے نتائج کے حوالے سے جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرناچاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تعلقات بہتر بنانے کا واحد راستہ جامع مذاکرات ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس حوالے سے بھارت سے رابطے میں ہیں اور کسی نتیجے پر پہنچنا چاہتے ہیں امید ہے پاک بھارت جامع مذاکرات جلد شروع ہو ں گے،،بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت پر تیار ہے لیکن کشمیر پر نہیں،کشمیر کو جامع مذاکرات کا حصہ بنانے کے سوال پر بھارت کے جواب کا انتظار کرنا چاہیے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے سید پور میں سوئی گیس کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو گھمبیر مسائل کا سامنا ہے۔اسلام آباد کے نئے سیکٹرز میں غریبوں کے لیے بھی کوٹہ ہوناچاہیے اس ضمن میں حکومت خصوصی سیکمیں شروع کر کے غریبوں کو مفت پلاٹ فراہم کرے گی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کی کمی کے مسئلے کو دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ،پیپلز پارٹی کو اپنے منشور کا خیال ہے اور ہماری توجہ تمام مسائل پر ہے،اس وقت شہید زوالفقار علی بھٹو کے منشور روٹی، کپڑا اور مکان پر عمل در آمد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ اعلی عدلیہ میں ججز کی تقرری قانون کے مطابق کریں گے اور اس حوالے سے جلد کوئی فیصلہ سامنے آنے کی توقع ہے ۔