خود مختار مقامی حکومتیں اور بلدیاتی نظام میں غریب اور متوسط طبقے کو شامل کئے بغیر قائد اعظم کے خوابوں والے حقیقی پاکستان بنانا ممکن نہیں، فاروق ستار

ہفتہ 13 فروری 2010 20:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 13فروری ۔2010ء) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ خود مختار مقامی حکومتیں اور بلدیاتی نظام میں غریب اور متوسط طبقے کو شامل کئے بغیر قائد اعظم کے خوابوں والے حقیقی پاکستان بنانا ممکن نہیں۔ ملک سے ایڈہاک ازم اور 60 سالہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور قبائلی نظام کو ختم کرنے کے لئے منشور اور عمل کو ملانا ہوگا۔

پاکستان کو حقیقی خود مختار ملک بنانے اور یہاں کے لوگوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے تعلیم ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کے تحت کراچی میں او پی ایف اسکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موق عپر وزارت اورسیز پاکستان کی سیکریٹری ناہید حیدر، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی صدر ٹاؤن کے ناظم اور دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میں نے وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے فوری بعد ملک میں 3 نئے اسکولز کراچی، لاہور اور پشاور میں کھولنے کا اعلان کیا تھا اور آج ہم کراچی کے اسکول کا افتتاح کررہے ہیں جبکہ اسی ماہ لاہور کے اسکول کا بھی افتتاح کردیا جائے گا جہاں اسی سال سے تعلیم وتدریس کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ اور موجودہ حکومت نے عوام سے تعلیم کو عام کرنے کا جو عہد کیا ہے اس کی عملی تکمیل شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اسی سال ووکیشنل سینٹرز اور کالجز بھی کام شروع کردیں گے۔ جہاں ہاؤسنگ، ہیلتھ اور آئی ٹی کے حوالے سے مختصر مدت کے کورسز کے ذریعے ہم ہنر مندوں کو اس قابل کرسکیں کہ وہ بیرون ملک جاکر ملکی زرمبادلہ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لڑائی نظام کے ساتھ ہے کسی سے ذاتی جنگ نہیں ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں اب اپنی مدد آپ کے تحت اپنے وسائل میں اضافہ کرنا ہوگا اور بیرون ممالک کی بھیک سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔

کیونکہ معاشی آزادی ہی اصل خود مختاری کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مقامی حوکمتوں کی اپنی اہمیت ہے اور اگر یہ نہ ہوتی تو قبضہ اور لینڈ مافیا آج ہم پر مسلط ہوجاتی تاہم بلدیاتی نظام اور مقامی حکومتوں میں غریب اور متوسط طبقے کی نمائندگی کے بغیر پاکستان کو استحکام نہیں بخشا جاسکتا۔ انہوں نے اورسیز پبلک اسکول کی کراچی میں کیمپس کھولنے میں مدد کرنے پر سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال اور صوبائی وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔