نئی نسل کومعیاری تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا‘ شہباز شریف

بدھ 10 مارچ 2010 19:50

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔10مارچ۔ 2010ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے جہالت و ناخواندگی کے خاتمے اور نئی نسل کومعیاری تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا‘ حکومت پنجاب نے تعلیمی شعبے کی بہتری کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور اس ضمن میں ایسے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں جن کی ملک کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی‘ دانش سکولوں کا منصوبہ صوبے کے دوردرازو پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے محروم معیشت طبقے کو معیاری تعلیمی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گا جس سے نہ صرف غریب ہونہار طلباء و طالبات کی صلاحیتوں میں نکھار آئے گا بلکہ ان کی عزت و وقار میں بھی اضافے کا باعث بنے گا۔

وہ گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں دانش سکول سسٹم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جس میں صوبائی وزیربلدیات سردار دوست محمد خان کھوسہ‘ سابق وزیرخزانہ سرتاج عزیز‘ چیئرمین ٹاسک فورس راجہ محمد انور‘اراکین قومی و صوبائی اسمبلی‘ تعلیمی ماہرین‘ مختلف درسگاہوں کے وائس چانسلرز و پرنسپلز اورمتعلقہ اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

چار گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اجلاس میں دانش سکول سسٹم کے مختلف پہلوؤں اور تعلیمی شعبے کی ترقی کے حوالے سے سیرحاصل بحث کی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں آج انہی قوموں کا شمارصف اول میں ہوتا ہے جنہوں نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور اپنی نوجوان نسل کو سائنس‘ ٹیکنالوجی و دیگر جدید علوم سے آراستہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر ہی حکومت پنجاب معیاری تعلیم کے فروغ اور علم کی کرنیں صوبے کے کونے کونے میں بکھیرنے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے اور اس شعبے کی بہتری کے لئے کئے گئے انقلابی اقدامات کے مثبت نتائج بھی برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے منصوبے کے تحت پسماندہ علاقوں کے طلباء و طالبات کو وہ معیاری سہولتیں میسر آئیں گی جن کا انہوں نے زندگی میں کبھی تصور بھی نہیں کیا ہو گا اور یہ سہولتیں ایچی سن اور اسی طرح کی دیگر درسگاہوں سے بڑھ کر ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں میں طلباء کو دو شفٹوں میں تعلیم دی جائے گی اور انہیں یہاں قیام و طعام کی بھی مفت سہولت حاصل ہو گی۔ ان سکولوں میں بہترین اساتذہ کو صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں کے منصوبے کا آغاز جنوبی پنجاب میں بہاولپور ڈویژن سے کر دیا گیا ہے اور اس منصوبے کی جلد معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم انتہاء پسندی و دہشت گردی کے خلاف ایک موثر ہتھیار ہے جو انسان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں میں وسعت پیدا کرتی ہے۔ ان سکولوں کے قیام سے نہ صرف پسماندہ علاقے علم کی روشنی سے منور ہوں گے بلکہ انتہاپسندی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور وہاں معیاری تعلیم کو فروغ دیئے بغیر معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقوں کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم نہ کئے گئے تو اس معاشرتی تفاوت کے معاشرے پر گہرے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ اسی مقصد کے پیش نظر دانش سکولوں کے منصوبے کا آغاز پسماندہ علاقوں سے کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی مشکلات سے دوچار ذہین طلباء و طالبات کی تعلیمی سرگرمیوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس پروگرام میں لمز‘ فاسٹ اور نسٹ جیسے تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ذہین مستحق طلباء و طالبات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

مختلف امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے مختلف نامور بین الاقوامی درسگاہوں کے مطالعاتی دوروں پر بھجوایا جا رہا ہے جبکہ 4ہزار سے زائد سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کر کے تعلیمی شعبے میں انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جدید آئی ٹی لیبز میں 60 ہزار کمپیوٹرز فراہم کئے گئے ہیں جن سے ہر سال 34 لاکھ طلباء و طالبات استفادہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ محنتی‘ ہونہار اور میرٹ پر بھرتی ہونے والے اساتذہ ہی قوم کے نونہالوں کی صحیح معنوں میں درس وتدریس کا فریضہ سرانجام دے سکتے ہیں اور اسی لئے 37 ہزار سے زائد اساتذہ کو سیاسی مداخلت کے بغیر صرف اور صرف میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت پر بھرپور توجہ دینے کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی بھی حوصلہ افزائی کے لئے جامع پلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے سیمینار میں دانش سکولوں اور تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے دی جانے والی تجاویز کو سراہتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو دانش سکولوں کی مینجمنٹ‘ اساتذہ کی بھرتی‘ نصاب اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں سفارشات پیش کرے گی۔سیمینار میں نئے بلدیاتی نظام میں تعلیم کے ڈیولوشن پلان(Devolution Plan) کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ قبل ازیں ایم ڈی دانش سکول سسٹم یوسف کمال نے دانش سکولوں کے منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔