افغانستان ، عراق اوردیگر علاقوں میں جاری جنگ امریکی بالادستی قائم کرنے کیلئے ہے ، مولانا فضل الرحمن

بدھ 17 مارچ 2010 18:59

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔17مارچ۔ 2010ء) جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے افغانستان ، عراق اوردیگر علاقوں میں جاری جنگ کو ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ نہیں سمجھتے بلکہ یہ جنگ امریکی بالادستی قائم کرنے کیلئے ہے امریکہ کی پالیسیوں کی حمایت کرنے والے عالمی دہشتگرد کے ساتھ ہیں وہ جامعہ سراج العلوم ڈیرہ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے تقریب کی صدارت انٹرنیشنل ختم نبوتﷺ موومنٹ کے امیر مولانا عبدالحفیظ مکی نے کی ۔

سٹیج پر سابق وزیراعلی سرحد اکرم خان درانی ، جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری ، ممتاز عالم دین مولانا علاؤ الدین ، انٹرنیشنل ختم نبوت کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احمد علی سراج بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں جنگ ہار رہا ہے تیس ہزار اضافی فوج منگوانے کے باوجود ہلمند میں شکست سے دوچار ہوا،انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں ناکام ہوچکی ہے اورحکومت اس کا اعتراف کرچکی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی ایف 65 ڈیرہ کے ضمنی انتخابات امریکی پالیسیوں کی حمایت اور مخالفت کرنے والوں کے درمیان ہے ، عوام جے یو آئی کے امیدوار کو ووٹ دیں ، ہم نے پہلے بھی ڈیرہ کے مسائل حل کئے آئندہ بھی کرینگے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلی اکرم خان درانی نے کہا کہ باطل قوتیں اکٹھی ہو رہی ہیں ، دین دار قوتوں کو بھی اکٹھا ہونا ہوگا آج ممتاز مذہبی شخصیت مولانا علاؤ الدین اور اس کے بھتیجوں کی جمعیت میں شمولیت مفتی محمود مرحوم کے دور کی یاد تازہ کرتی ہے انہوں نے کہا کہ علی زئی خاندان سیاست میں مارشل لاء کی گود سے نمودار ہوا، اس کو شکست دینا ڈیرہ کی عوام کا فرض ہے ، انہوں نے کہا کہ ڈیرہ کے بڑے بڑے منصوبے مولانا فضل الرحمن کی مرہون منت ہیں، ہمیں اس کو نہیں بھلانا چاہئے یہ الیکشن نظریے کی جنگ ہے جمعیت کا نظریہ اسلامی ہے ، یہی ووٹ کا حقدار ہے جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت مظلوم آدمی کی موثر آواز ہے ، این آراو میں ایک بھی فرد ہماری جماعت کا نہیں ، آئی جے آئی خفیہ اداروں نے بنائی انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی آئین مفتی محمود کی بدولت ملا اور ملک کا اسلامی تشخص اسی آئین کی وجہ سے بحال ہوا، انٹرنیشنل ختم نبوت کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر احمد علی نے کہا کہ قادیانیوں کو کافر قرار دلوانے علماء نے بڑی قربانیاں دیں اور اسمیں مفتی محمود کا بڑا کردار ہے انہوں نے کہا کہ دین کی سربلندی کیلئے مولانا فضل الرحمن کے کارنامے تاریخی ہیں ہمارا خاندان آج ان کی خدمات اور جے یو آئی کی پالیسیوں یک بدولت جے یو آئی میں شمولیت اختیار کرنے جارہا ہے ، ہم ایک ادنی کارکن کی حیثیت سے ان کی جماعت میں کام کرینگے ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز علماء دین مولانا علاؤ الدین ، مولانا قاری خلیل احمد سراج ، پروفیسر ڈاکٹر نجم الدین اور قاری عطاء الہی نے کہا کہ ڈیرہ میں امن قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی بدولت قائم ہوا ہے اور اسی میں فوج اور پولیس کا بھی اہم کردار ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک منظم سازش کے تحت علماء کو قتل کیا جارہا ہے اور پاکستان کو امریکی کالونی بنا دیا گیا ہے اس کاہم جے یو آئی کے پلیٹ فارم سے ڈٹ کر مقابلہ کرینگے، انہوں نے کہا کہ جمعیت نے علماء اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانیاں دیں اور ان کا ماضی ومستقبل روشن ہیں ، تقریب سے جے یو آئی کے مرکزی ممبر خواہ محمد زاہد نے بھی خطاب کیا ، اختتامی دعا مولانا عبدالحفیظ مکی نے کی ۔