ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اورغربت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے‘ مولانا فضل الرحمن،پارلیمنٹ میں اپوزیشن حکومت کی ہاں میں ہاں اور پارلیمنٹ سے باہر عوام کو دکھاوے کیلئے صرف بیان بازی کر رہی ہے‘ٹیلیفون پر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو

ہفتہ 20 مارچ 2010 21:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ ۔2010ء) جمعیت علماء اسلام کے امیر مو لا نا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اورغربت نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے‘ حکمران عوام کی بھلائی کیلئے کام کرنے کے بجائے آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور اپوزیشن بھی ان کی مکمل سپورٹ کرنے میں مصروف ہے پارلیمنٹ میں اپوزیشن حکومت کی ہاں میں ہاں اور پارلیمنٹ سے باہر عوام کو دکھاوے کیلئے صرف بیان بازی کر رہی ہے ۔

ٹیلیفون پر پارٹی رہنماؤں مولانا محمد امجد خان ، الحاج شمس الرحمن شمسی اور مفتی ابرار احمد سے گفتگو کرتے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ بیرونی ایجنڈے پر متفق ہیں دونوں امریکہ کو خوش کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان مسائلستان بن گیا ہے عوم بجلی اور ضروریات اشیاء کی چیز وں کیلئے ترس کے رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری نے عوام کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے ‘ حکمرانوں کو اپنی روش تبدیل کرنی چاہیے کیونکہ عوام صرف وعددوں کو نہیں مانیں گے کیونکہ وہ اہپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ا تحادیوں سے مشاورت کے بغیر فیصلے کرنے کے حکومتی انداز نے اعتماد کی فضاء کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے حکران پرویز مشرف کی پالیسیوں کو اپنائے ہوئے ہین جس سے حالات گھمبیر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔