پاکستانی میڈیا میں تعلیم کی خبریں تلاش گمشدہ کے اشتہار کیساتھ چھپی ہوتی ہیں، احسن اقبال

منگل 23 مارچ 2010 17:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔23مارچ۔2010ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احسن اقبال نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستانی میڈیا میں تعلیم کی خبریں تلاش گمشدہ کے اشتہار کے ساتھ چھپی ہوئی ہوتی ہیں جبکہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ بھی ترقی نہیں کرسکتا، ملائشیا کے اخبارات میں پانچ دن کے اندر دو دن تعلیم کے حوالے سے اخبارات میں ہیڈ لائنز ہوتی ہیں منگل کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے میڈیا سے شکوہ کیا کہ میڈیا تعلیم کے حوالے سے خبروں کو ٹھیک جگہ نہیں دیتا سیاست کی خبریں بھی ضروری ہیں تاہم کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ دنوں ملائشیا گئے تھے تو وہاں پانچ دن کے قیام کے دوران انہوں نے دیکھا کہ دو دن اخبارات میں تعلیم کے حوالے سے ہیڈ لائنز شائع ہوتی ہیں انہوں نے میڈیا سے گزارش کی کہ وہ تعلیم کی خبریں تلاش گمشدہ کے اشتہار کے ساتھ نہیں بلکہ اچھی جگہ پر شائع کریں اس موقع پر ایک سینئر صحافی نے کہا کہ اگر سیاست دان سیاسی بیانات کم دیں تو میڈیا بھی ان کو کم جگہ دیگا ۔