پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ واشنگٹن میں شروع، پاکستان نے سرد جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا، ہم بہتر نتائج کیلئے مل کر کام کریں، شاہ محمود قریشی، مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے یہ مذاکرات انتہائی اہم ہیں، ہلیری کلنٹن

بدھ 24 مارچ 2010 17:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔24مارچ۔ 2010ء) پاکستان اور امریکا کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ واشنگٹن میں شروع ہو گئے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے سرد جنگ کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بہتر نتائج کے لئے مل کر کام کریں۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے ہمراہ پریس بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تاریخی طور پر پاکستان اور امریکا کے تعلقات دنیا کے لئے اہم رہے ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ اکیس ویں صدی کے لئے مزید بہتر طریقے سے کام کریں۔

پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا کہ ملاقات کے لئے ہم کافی عرصے سے منتظر تھے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مقاصد کے حصول کے لئے یہ مذاکرات انتہائی اہم ہیں۔

(جاری ہے)

اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا اگلا راؤنڈ اسلام آباد میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے دو دن میں اہم اقدامات کے بارے میں گفتگو ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کا مستقبل یکساں ہے، دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔

ہلیری کلنٹن نے کہا کہ سیکورٹی کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہیں۔ پاکستان کے عوام نے دہشت گردی کی بڑی قیمت دی ہے، دہشت گردوں نے مساجد اور عبادتگاہوں پر بھی حملے کئے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور ہم جنوبی ایشیا میں پاکستان کے کردار کی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سیکورٹی کے بڑے مفہوم کی طرف کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈائیلاگ صرف حکومت کے لئے نہیں بلکہ پاکستانی عوام کے لئے بھی ہیں۔ اس ڈائیلاگ کے دائرہ کار میں ہر پاکستانی اور امریکی آتا ہے۔ پریس بریفنگ کے دوران ہلیری کلنٹن نے مادر ملت فاطمہ جناح کی جدوجہد کی تعریف بھی کی۔