پاک امریکی مذاکرات سے مطمئن ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

جمعہ 26 مارچ 2010 16:12

واشنگٹن :(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔26مارچ 2010ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی حکام سے مذاکرات سے وہ مطمئن ہیں۔ پاکستان پرامن سول نیوکلیئر پروگرام کا خواہاں ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا موازنہ نہ کیا جائے ۔ امریکی خبررساں ادارے سے انٹرویو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر اثاثوں کے تحفظ کے لئے نیا کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم نافذ کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی نہیں برتی جارہی ۔

(جاری ہے)

ممبئی بم حملوں میں ملوث افراد کی پاکستان میں موجودگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہیں تو حکومت کو پیش کرے ، حکومت ملزمان کے خلاف کارروائی کرے گی۔ امریکا بھارت کی طرز پر پاکستان کو بھی سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی فراہم کرے اور اس سلسلے میں کوئی امتیاز نہ برتا جائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امریکی امداد سے زیادہ تجارت کا خواہاں ہے ۔پاکستان چاہتا ہے کہ امریکا سے فری ٹریڈ معاہدہ ہو جس کے لئے بات چیت جاری ہے تاہم معاہدے کے لئے وقت درکار ہوگا۔ مبصرین کہتے ہیں کہ پاک امریکا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ کے ثمرات آئیں یا نہیں لیکن ان مذاکرات کو تاریخ میں حوالوں کے لئے ضرور یاد رکھا جائے گا۔