پاکستان دہشتگردوں کی پناہ گاہ نہیں رہا، فوجی آپریشن سے طالبان، القاعدہ اور دیگر دہشتگرد گروپوں کو فرار ہونے پر مجبور کر دیا، شاہ محمود قریشی، افغانستان میں بھارت سے زیادہ پاکستان کے مفادات ہیں، امریکی ٹی وی سے انٹرویو

اتوار 28 مارچ 2010 16:52

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔28مارچ۔2010ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشتگردوں کی پناہ گاہ نہیں رہا فوجی آپریشن سے طالبان، القاعدہ اور دیگر دہشتگرد گروپوں کو فرار ہونے پر مجبور کردیا۔ واشنگٹن میں امریکی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دفاتر اور دیگر تنصیبات پر دہشتگرد حملوں کے بعد ثابت ہوگیاکہ آئی ایس آئی کا طالبان سے کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر وزیر خارجہ نے کہاکہ افغانستان میں بھارت سے زیادہ پاکستان کے مفادات ہیں۔ افغانستان کی تمام تجارت پاکستان کے ذریعے ہوتی ہے اور پاکستان کی سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت کی نہ تو سرحدیں افغانستان سے ملتی ہیں اور نہ ہی کوئی تجارت ہوتی ہے۔ پاکستان اور افغانستان کی ثقافت، ریت و رسمیں مشترکہ ہیں۔ امریکی صدر براک اوباما کی پاک افغان پالیسی کو متوازن قراردیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا اس حکمت عملی میں نہ صرف فوجی بلکہ سویلین کی امداد اور بہتری کے نکات بھی شامل ہیں۔