قوم مشرف کے دور سے ہی اذیتوں کا شکار بنی ہوئی ، اورموجودہ حکومت زخموں پر مزید نمک چھڑ رہی ہے، ممتاز بھٹو

جمعرات 15 اپریل 2010 19:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔15 اپریل ۔2010ء) سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نواب ممتاز علی بھٹو نے ملاقات کیلئے آنے والے وفد کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کے لوگ کسی دوسرے کی سرزمین پر مقیم ہو کر اپنا صوبہ بنانے کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ اگر یہ جائز ہے تو پھر دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں ہے جو تقسیم ہونے سے بچ سکے۔ کیونکہ ہر قوم کی دھرتی پر غیر لوگ موجود ہیں جس کی نمایاں مثال یورپ کے ممالک اور امریکہ ہیں۔

زبان اور رسم ورواج کی بنیاد پر قومیں نہیں بنتیں بلکہ سب سے اول اور اہم ضرورت اپنی دھرتی کا ہونا ہے۔ اپنی دھرتی نہ ہو اور دوسروں کی دھرتی پر جا کر بسنا اور پھر اس کو تقسیم کرنے کے مطالبے کا کوئی جواز نہیں بنتا اور نہ ہی کوئی اسے قبول کرے گا۔

(جاری ہے)

آج کل ملک میں مختلف صوبے بنانے کے دعوے تو کئے جارہے ہیں لیکن اپنی دھرتی نہ ہونے کی بناء پر یہ دعوے کوئی قبول نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم مشرف کے دور سے ہی اذیتوں کا شکار بنی ہوئی ہے اور پی پی کے دور حکومت میں ان کے زخموں پر مزید نمک چھڑکا گیا ہے۔ اب قوم نے ان اذیتوں کو ناقابل برداشت سمجھتے ہوئے میدان میں نکلنے میں فیصلہ کیا ہے۔ اظہار احوال کے علاوہ پنجاب میں بجلی کی کمی اور مہنگائی کی شدت ناقابل فراموش بن جانے کی وجہ سے لوگوں نے میدان میں نکلنے کا فیصلہ کیا اور پانچ دنوں سے سراپا احتجاج بن کر کئی جانوں کی قربانی بھی دکے چکے ہیں اور اب ایسا لگتا ہے کہ یہ لوگ اپنے مسائل کا حل لئے بنا واپس نہیں جائیں گے۔

اس صورت حال میں کتنی حیرت کی بات ہے کہ سندھ کے لوگ نہ صرف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں بلکہ ان حکمرانوں کے پیچھے بدستور بھاگ دوڑ میں مصروف ہیں جنہوں نے سندھیوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ کیا ہے اور ان کا جینا مشکل بنادیا ہے۔ کیا کوئی مانے گا کہ جب قوم اتنے مشکل حالات کا سامنا کررہی ہے تو سندھ کے حکمران اور اسمبلیوں کے ارکان لوگوں کو بے روزگاری کی وجہ سے خودکشی کرتے ہوئے اور بازار میں بچے فروخت کرکے آٹا خریدنے پر مجبور دیکھتے ہوئے اپنی تنخواہوں اور مراعاتوں کو بڑھانے کا سلسلہ شروع کئے ہوئے ہیں جو کچھ اس ملک خصوصاً سندھ میں ہورہا ہے۔ وہ نہ تو دنیا میں کسی اور جگہ ہوسکتا ہے اور نہ ہی کوئی اسے ماننے کیلئے تیار ہوگا۔

متعلقہ عنوان :