دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے برطانوی پولیس کے تجربے سے فائدہ اٹھایاجائیگا،وزیراعلی پنجاب ، پنجاب پولیس کے افسروں کو تربیت کے لئے برطانیہ بھجوانے کا بھی اہتمام کیاجارہاہے ،لندن پولیس کے سنیٹرل کنٹرول روم میں گفتگو

ہفتہ 1 مئی 2010 22:53

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مئی ۔2010ء ) وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے برطانوی پولیس کے تجربے سے فائدہ اٹھایاجائے گا -ان خیالات کااظہار وزیراعلی پنجاب نے لندن پولیس کے سنٹرل کمیونیکیشن کمانڈ کنٹرول روم کے دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا-محمد شہبازشریف نے کہاکہ پنجاب پولیس کے افسروں کو تربیت کے لئے برطانیہ بھجوانے کا بھی اہتمام کیاجارہاہے تاکہ جرائم اور دہشت گردی کو موثر طریقے سے کنٹرول کیاجاسکے - انہو ں نے بتایاکہ لندن پولیس کے سابق اسسٹنٹ کمشنر طارق غفور اس سلسلے میں پاکستان کادورہ کرچکے ہیں -سنٹر کے انچارج انسپکٹر سام سمپسن نے انہیں اس سلسلے میں ایک بریفنگ بھی دی -انہو ں نے بتایاکہ اس سنٹر سے پورے لندن کو کنٹرول کیاجاتا ہے اور کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں پولیس کمانڈ اس سنٹر میں شفٹ ہوجاتا ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا پولیس کمانڈ سنٹر ہے - وزیراعلی نے پنجاب میں اس طرح کا کمانڈ سنٹر بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا- واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب کے سنٹر کے معائنے کا اہتمام برطانوی پولیس کے کنسلٹنٹ پاکستانی نژاد ڈاکٹر امانت حسین نے کیا تھا -ڈاکٹر امانت حسین نے اس سنٹر کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیاہے -