آزاد اور خود مختار صحافت ہی آزاد معاشرہ کی دلیل ہے ،سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال

پیر 3 مئی 2010 16:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3مئی۔2010ء) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر مشہد( ایران) سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی میڈیا حالات و واقعات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنا فرض پوری ذمہ داری سے ادا کر رہا ہے۔ استحکام پاکستان کے لیے ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت ہے․ رانا محمد اقبال خاں اِن دنوں پنجاب اسمبلی کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ 4 روزہ ، دورے پر ایران گئے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی رائے سازی میں میڈیا کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا کی جائز تنقید کو سراہنا چاہئے۔ آزاد اور خود مختار صحافت ہی آزاد معاشرہ کی دلیل ہے ۔ آئینی ، سیاسی، معاشی اور معاشرتی مسائل کی نشان دہی میں میڈیا کلیدی کردار ادا کر تا ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکرنے کہا کہ میڈیا غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے حکومت کی رہنمائی کرے تاکہ جمہوریت کو استحکام حاصل ہوسکے۔

رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ صحافیو ں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے ۔ موجودہ حالات میں صحافی ہی وہ طبقہ ہیں جو عوام کی صیحح سمت میں رہنمائی کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کی آزادی اور جمہوریت کی بحالی میں میڈیا نے بھرپور کردار ادا کیا ․ قبل ازیں مشہد (ایران) میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ شاعر مشرق اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا کلام ایران اور پاکستان میں یکساں مقبول ہے ․ انکی شاعری مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے․ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مسائل ایک سے ہیں اس لیے ان کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنی چاہئے ․ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہئے․