جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کی تحریک شروع کردی ،دنیاکی کوئی طاقت اب اسے نہیں روک سکتی،پرویزالٰہی

بدھ 5 مئی 2010 18:35

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5مئی۔2010ء) صدر مسلم لیگ (ق) پنجاب و سابق صوبائی وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر علیحدہ صوبہ بنانے کی تحریک کا آغاز کردیا ہے ، یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے ،آہستہ آہستہ اس کاررواں میں اتنے لوگ شامل ہو جائیں گے کہ یہ ایک طوفان بن جائے گا جو کہ اس تحریک کی راہ میں آنیوالی حکومتی رکاوٹوں کو سمندربرد کردے گا، یہ تحریک ہر صورت میں کامیابی سے ہمکنار ہو گی کیونکہ ہماری نیت اور لوگوں کے جذبے میں خلوص موجود ہے ،جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانا اس خطے کے عوام کی دل کی آواز ہے جس کو مسلم لیگ نے اپنی آواز بنا لیا ہے ،اب اس تحریک کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔

مسلم لیگ (ق) کے زیراہتمام ”جنوبی پنجاب صوبہ بناؤ تحریک“ کے سلسلے میں نکالی گئی ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئیچوہدری پرویز الٰہی نے کہاکہ اپنے دوراقتدار میں بھی ہر ماہ کم ازکم دو مرتبہ جنوبی پنجاب آیا کرتا تھا پانچ سالہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ہماری تحریک پرامن ہے اور جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنا کر دم لیں گے اس تحریک کو کمزور کرنے اوراس میں رکاوٹ ڈالنے والوں کو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ موجودہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کو صرف پانچ ارب روپے دیئے مگر وہ بھی واپس لے لیے جبکہ صرف جاتی عمرہ کی ایک ذاتی سڑک پر 21ارب لگانے والے سن لیں کہ اب جنوبی پنجاب کے عوام جاگ چکے ہیں وہ آئندہ کس منہ سے جنوبی پنجاب میں آئیں گے ان ظالموں نے تو دوسال سے غریبوں کی زکواة بھی بند کررکھی ہے مستحقین کی بدعائیں انہیں لے ڈوبیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ ایم ڈی اے اور زکواة کا پیسہ لوٹنے والوں کے احتساب کا وقت آ گیا ہے ، ہم ان سے ایک ،ایک پائی واپس لیکر اس خطے کے عوام پر خرچ کریں گے ہم نے ترقیاتی کام اقتدار کے لالچ یا ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کرائے مجھے کبھی بھی انتخابی نتائج اور اقتدار کی فکر نہیں رہی بلکہ مجھے اس خطے کے عوام اوران کی آنے والی نسلوں کی فکر تھی اور آج بھی جنوبی پنجاب کو علیحدہ صوبہ بنانے کی تحریک کا آغاز کررہا ہوں تو خطے کی آنیوالی نسلوں کے سنہرے مستقبل کیلئے ایساکررہا ہوں اقتدار میں بھی یہاں سرخرو رہا اور اب بھی عوام کے متفقہ مطالبے پر تحریک کاآغاز کرکے سرخرو ہوں گا۔

پہلے بھی اس خطے کے احساس محرومی کے خاتمے کیلئے کام کیا اب علیحدہ صوبہ کی تحریک کا آغاز کرکے کوششیں کررہا ہوں کہ آنے والی نسلیں مسلم لیگ کو یاد رکھیں کیونکہ اس جماعت نے پاکستان بنایا تھا اور یہی صوبہ کا قیام بھی عمل میں لائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم انتظامی بنیادوں پر صوبہ چاہتے ہیں بہاولپور والے ہمارے بھائی ہیں پوری عزت و احترام کے ساتھ ان کے تمام خدشات دور کرینگے اورانہیں اپنے ساتھ رکھیں گے جن لوگوں نے اپنے دور اقتدار میں بہاولپور ڈویژن میں ایک نلکا تک نہیں لگوایا آج وہ بہاولپور کے عوام کو ورغلانے کی کوشش کررہے ہیں ہم نے بہاولپور اور رحیم یار خان میں 117ارب روپے کی لاگت سے بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے لیکن میاں برادران اور پیپلزپارٹی کے دو دو سالہ اقتدار میں اتنے کام نہیں ہوئے۔

آج تو میاں نوازشریف اوروزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کی یہ صورتحال ہے کہ دونوں بھائی جنوبی پنجاب سے زیادہ لندن کے چکر لگاتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے واپس لندن ہی جانا ہے یہاں کے عوام سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔صوبہ سرحد کا نیانام خیبر پختونخواہ رکھ کر انہوں نے قائداعظم اورپاکستان بنانے والوں سے غداری کی ہے آج دونوں بھائیوں کی یہ حالت ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی ہزارہ ڈویژن میں نہیں اتر سکتے دونوں بھائیوں کو ایک دوسرے کی سوچ کا ہی علم نہیں ہے نوازشریف کہتے ہیں کہ میں لوڈ شیڈنگ کیخلاف جلوس نکالوں گا جبکہ ان کے چھوٹے بھائی وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر یہ کہتے ہیں کہ کمرے میں بند ہو کراس وقت تک باہر نہیں نکلوں گا جب تک لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔

متعلقہ عنوان :