فیس بک کے حق میں ہوں، کسی کے جذبات کو مجروح کرنا غلط ہے، پرویز مشرف

جمعہ 21 مئی 2010 13:21

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی۔2010ء) سابق صدر پرویزمشرف نے کہاہے کہ ان کی نئی صدارتی مدت کے امکان کو مسترد نہیں کیاجاسکتا، فیس بک کے حق میں ہوں مگر کسی کے جذبات کو مجروح کرنا غلط ہے ، بینظیر بھٹو کا قتل افسوس ناک تھامگر بعد میں اسے سیاسی رنگ دے دیا گیا ، دہشت گرد ی کے خلاف موجودہ حکومت کی پالیسیاں درست ہیں ،قبائلی علاقوں میں جاری فوجی مہم کی مکمل حمایت کرتاہوں ۔

امریکی ٹی وی ”سی این این“کودیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وہ پاکستان واپس آکر سیاست میں حصہ لینے کاارادہ رکھتے ہیں اوراس حوالے سے منصوبہ بندی کررہے ہیں سیاست میں آنے کا فیصلہ پاکستانی عوام کی خواہش کو دیکھتے ہوئے کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ فیس بک کو بلاک کرنے سے متعلق حکومتی فیصلے کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اس سائٹ پر توہین آمیزخاکوں کامقابلہ مسلمانوں کے جذبات کامسئلہ ہے آزادی رائے کا ہر گز مطلب یہ نہیں کہ کسی کو تکلیف پہنچائی جائے تاہم انہوں نے کہاکہ فیس بک پر ان کے مداحوں کی تعداد دو لاکھ سے زائد ہے امید ہے کہ حکومت اس سائٹ پر مستقل پابندی نہیں لگائے گی۔

(جاری ہے)

بے نظیربھٹو کے قتل سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ کوایک بارپھرمسترد کرتے ہوئے پرویزمشرف نے کہاکہ ہم نے بے نظیربھٹو کو سکیورٹی فراہم کی تھی دراصل میں، میں نے انہیں خطرہ سے آگاہ کردیاتھا لیکن ا س کے باوجود انہو ں نے پاکستان واپس آنے کافیصلہ کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ٹائمزسکوائر میں پاکستانی نژادامریکی شہری فیصل شہزاد کی کاررو ا ئی قبائلی علاقوں میں جاری امریکی جاسوس طیاروں کے میزائل حملوں کا ردعمل ہوسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے د ہشت گردی اور انتہاء پسندی کو ختم کرنا ہوگااور اس سلسلے میں موجودہ حکومت کی پالیسیاں درست ہیں ۔

متعلقہ عنوان :