فیس بک پر گستاخانہ خاکوں کیخلاف ملک گیراحتجاج جاری

اتوار 23 مئی 2010 18:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔23مئی۔2010ء) فیس بک پرگستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملک گیر احتجاج جاری ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں جس میں طلبا، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہیں۔ سکھر میں مرکزی جمیعت اہل حدیث کی جانب سے توھین آمیز خاکوں کے خلاف مینارہ روڈ سے سکھر پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مغربی ممالک کے ساتھ فوری طور پر سفارتی تعلقات ختم کیئے جائیں۔

(جاری ہے)

شکارپور میں جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے توہین آمیز خاکوں کیخلاف ریلی نکالی گئی، حیدرآبا دمیں گستاخانہ خاکوں کے خلاف تاجروں نے مظاہرہ کیا، انکا کہنا تھا کہ ناموس رسالتﷺ پر اپنی جان بھی قربان کردینگے۔ ملتان میں بھی توہین آمیز خاکوں کے خلاف گھنٹہ گھر چوک پرمظاہرہ کیا گیا،اس موقع پر مظاہرین نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کرنے والوں کا پتلہ بھی نذرآتش کیا، لالہ موسی میں بھی فیس بُک پر توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر انجمن اسلامیہ کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی جو جی ٹی روڈ سے ہوتی ہوئی مرکزی جامع مسجد پر احتتام ذیر ہوئی۔

اس موقع پر شہر کے تمام کاروباری مراکز دکانیں اور مارکیٹیں بند رہیں۔