یو ٹیوب کے بعد فیس بک پر پابندی بھی آئندہ چند دنوں میں اٹھا لی جائے گی، وزیر داخلہ

جمعرات 27 مئی 2010 13:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27مئی۔2010ء) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ یو ٹیوب کے بعد فیس بک پر پابندی بھی آئندہ چند دنوں میں اٹھا لی جائے گی تاہم ان دونوں ویب سائٹس کے وہ حصے بدستور بند رکھے جائیں گے جن پر توہین آمیز مواد موجود ہے ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی زیر بحث آیا تھا اس موقع پر انہوں نے اپنے ساتھی وزراء کو بتایا تھا کہ فیس بک اور یو ٹیوب ویب سائٹس کو بلاک کرنا درست اقدام نہیں ہے ان دونوں ویب سائٹس کو مکمل طور پر بند کرنے کے بجائے ان کے صرف وہی مخصوص صفحات بند ہونے چاہئیں جن پر توہین آمیز خاکے موجود ہیں ۔

دریں اثناء پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ترجمان خرم مہران نے بتایا کہ حکومتی احکامات ملنے کے بعد یوٹیوب کو بحال کردیا گیا ہے تاہم اس ویب سائٹس کے وہ حصے پاکستان میں بدستور ناقابل رسائی رہیں گے جن پر توہین آمیز مواد موجود ہے۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ترجمان وہاب السراج نے بھی تصدیق کی حکومت نے یوٹیوب پر سے پابندی اٹھانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں تاہم اس نے یو ٹیوب کی ویب سائٹ سے متعلق مخصوص یو آر ایلز کی ایک فہرست بھی ہمارے حوالے کرتے ہوئے انہیں بدستور بند رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :