تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے ،شہبازشریف

جمعرات 3 جون 2010 18:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جون۔2010ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ناخواندگی اور جہالت کا خاتمہ کر کے ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ تعلیم کی اسی اہمیت کے پیش نظر پنجاب حکومت نے نہ صرف تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے بلکہ تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں،ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کا قیام پنجاب حکومت کا ایسا انقلابی اقدام ہے جس کی بدولت اب کوئی ہونہار بچہ اپنی مالی مشکلات کی بنا پر تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، ملک کی تاریخ میں پہلی بار مالی مشکلات سے دوچار ذہین طلباء و طالبات کو اپنی تعلیمی پیاس بجھانے کے لئے تعلیمی فنڈ سے وظائف فراہم کئے جا رہے ہیں اور اس فنڈ کی بدولت ان غریب طلباء و طالبات کا ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم کا خواب پورا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روزایوان وزیراعلیٰ میں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ جس میں رکن قومی اسمبلی انوشہ رحمن‘ سیکرٹری خزانہ‘ سیکرٹری ہائیرایجوکیشن‘ اے زیڈ کے شیردل اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے فنڈ کی کارکردگی اور سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا مقصد ان ہونہار اور باصلاحیت طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو جلا بخشنا ہے جو مالی دشواریوں کی بنا پر اپنی تعلیمی سرگرمیاں مکمل نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بے شمار ایسے ہونہار ہیرے موجود ہیں جن کے اپنی غربت کی بنا پر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواب ادھورے رہ جاتے ہیں اور قوم کے ایسے ہی نونہالوں کے لئے یہ تعلیمی فنڈ قائم کیا گیا ہے جو بطریق احسن اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس فنڈ کے تحت لمز جیسے اعلیٰ تعلیمی ادارے میں بھی 20 ذہین طلباء کو وظائف دیئے جا رہے ہیں جبکہ آئندہ سال اس ادارے میں ان وظائف کی تعداد بڑھا کر 50 کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اس تعلیمی فنڈ کے تحت 5 ہونہار طلباء کو آئی وی لیگ یونیورسٹیوں میں ایسے مضامین کی تعلیم کے لئے بھجوایا جائے گا جو پاکستان کی یونیورسٹیوں میں نہیں پڑھائے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت انتہائی شفاف طریقے سے وظائف کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور بڑی تعداد میں ذہین طلباء و طالبات اس سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لمز کے ساتھ ساتھ نسٹ‘ فاسٹ اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھی یہ وظائف فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت قومی یکجہتی کے جذبے کے فروغ کے لئے سندھ‘ بلوچستان‘ خیبرپختونخواہ‘ گلگت بلتستان ‘فاٹا اور آزاد کشمیر کے ذہین طلباء کو بھی وظائف دیئے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس انقلابی پروگرام میں مزید نکھار پیدا کرنے اور وسعت دینے کے لئے اے زیڈ کے شیردل کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی جو تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ قبل ازیں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے تعلیمی فنڈ کی سرگرمیوں اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک نہایت شفاف طریقے سے 10686 وظائف تقسیم کئے جا چکے ہیں اور اس سال بھی 5 ہزار سے زائد وظائف دیئے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2009ء میں میٹرک اور ایف ایس سی کے علاوہ مڈل اور بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے بچوں کو بھی وظائف دیئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ سکالرشپ حاصل کرنے والے بچوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر بھی دی گئی ہیں اور اس پروگرام کے لئے آئی ایس او سرٹیفکیشن بھی حاصل کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کو سکالرشپ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیات میں نکھار پیدا کرنے کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :