غریبوں کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا اوڑھنا بچھوناہے،راجہ ریاض

جمعرات 10 جون 2010 19:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10جون۔2010ء) سینئر وزیر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہصدر آصف علی زرداری وفاق کی علامت ہیں اور گذشتہ دوسال کے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ غریبوں کی خدمت پاکستان پیپلز پارٹی کا اوڑھنا بچھوناہے-وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں عوام دوست بجٹ پیش کر کے غریب پروری کا حق ادا کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاپنے دفتر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور سیاسی ورکروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا اور جمہوریت کے ثمرات غریب آدمی تک پہنچیں گے-انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی مقبول ترین سیاسی قوت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاق نے این ایف سی ایوارڈ سے صوبوں کو اضافی وسائل فراہم کر کے صوبائی خود مختاری کو مضبوط کیا ہے- انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو اضافی وسائل ملنے سے غریبوں کو فائدہ پہنچے گا- انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد اضافے سے سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے-انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم ،صحت،سماجی بھلائی،خواتین کی بہبود سمیت تمام شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے جس سے معاشرے میں غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہوگا۔