دہشت گردی پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہئے،نواز شریف، مرکز سے ایسے بیانات آتے ہیں جیسے اس سانحے پر وہ خوش ہو رہے ہوں، بلیم گیم کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی روکنا خفیہ اداروں کا کام ہے۔دہشت گردی ان پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو وفاق نے بنائی ہیں،ن لیگ کے قائد کی پریس کانفرنس

ہفتہ 3 جولائی 2010 19:05

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔3 جولائی۔2010ء) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے داتا دربار پر حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلسلہ سابق حکومت کی آمرانہ پالیسیوں کی وجہ سے شروع ہوا ، ہمیں دہشتگر دی کے اسباب کا پتہ لگانا ہوگا ۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ داتا گنج بخش کے ماننے والے برصغیر سمیت دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں، داتا دربار پر حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ دس سال قبل اس طرز کی دہشت گردی کا وجود نہیں تھا ،ہمیں پتہ لگانا ہوگا کہ یہ بیماری کہاں سے آئی؟ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کا سلسلہ پھیلتا جارہا ہے ۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پر پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہئے، مرکز سے بیانات جاری ہونا افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

مرکز سے ایسے بیانات آتے ہیں جیسے اس سانحے پر وہ خوش ہو رہے ہوں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن قومی کانفرنس بلانے کے لئے تیار ہے، بلیم گیم کرنے والوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی روکنا خفیہ اداروں کا کام ہے۔دہشت گردی ان پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو وفاق نے بنائی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کوئی بھی مقام دہشت گردی سے محفوظ نہیں ہے، دہشت گردوں کا پنجابی، سندھی، بلوچی یا پٹھان کہنا درست نہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کو معاملے کی شدت کا احساس ہونا چاہئے۔