پیپلز پارٹی کی مسلم لیگ (ن) سے لڑائی ہے، نہ شہباز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیا، ثمینہ خالد گھرکی

جمعرات 8 جولائی 2010 18:47

اوکاڑہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8 جولائی۔2010ء) وفاقی وزیر سوشل ویلفیئر ثمینہ خالد گھرکی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی مسائل کے حل کا تہیہ کر رکھا ہے، صدر زرداری کی مدبرانہ سوچ اور پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، ملک کی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، ہماری (ن) لیگ سے کوئی لڑائی نہیں، نہ ہی شہباز شریف کے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھٹو ہاؤس اوکاڑہ میں مستحقین میں وہیل چیئرز، سلائی مشینوں اور جہیز پیکٹ کی تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثمینہ خالد گھرکی نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری ملک کو شہید محترمہ کے ویژن کے مطابق چلا رہے ہیں ان کی مدبرانہ سوچ اور پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہو گیا ہے غیر ملکی ہمارے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کے مسائل اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے پالیسی مرتب کی جا رہی ہے وہ دن دور نہیں جس دن ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ کر دیا جائے گا، انشاء اللہ حکومت اپنی مدت ہر صورت پوری کرے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت محمد اشرف سوہنا نے کہا کہ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، ترقیاتی منصوبوں اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل حکومت کی کامیابی کی دلیل اور عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کے خوابوں کی تکمیل کیلئے مشن جاری رکھیں گے۔ ثمینہ خالد گھرکی نے 500 معذور خواتین میں وہیل چیئرز، 500 میں سلائی مشینیں اور 500 لڑکیوں کی شادی کیلئے خصوصی جہیز پیکج کا اعلان کیا۔