کارکن اور عہدیدار مسلم لیگ (ن) کا قیمتی اثاثہ ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف

پیر 12 جولائی 2010 17:02

احمدپورشرقیہ (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی۔2010ء) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ کارکن اور عہدیدار پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں ، ورکروں کی حیثیت پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہوتی ہے ،تحریک بحالی جمہوریت اور تحریک بحالی جمہوریت و عدلیہ کے دوران جو عہدیدار اور کارکن فعال رہے وہ پارٹی کے سرخیل اور ماتھے کا جھومر ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے بہاولپور میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سابق نائب صدر چیئرمین وزیراعلیٰ ٹاسک فورس سستی روٹی منصوبہ سمیع اللہ چوہدری کی قیادت میں ملنے والے وفد کے ارکان محمد اقبال مہر ، محمد ریاض مہر ، قیوم اعظم خان ، ڈاکٹر صدیق آثم ، ڈاکٹر فیض احمد فیض ، الحاج عبدالمجید بھٹی اور رانا احمد انجم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ہتھکڑیاں کارکنوں کا زیور اور جیلیں سیاسی تربیت گاہیں ہیں جو کارکن قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرتے ہیں وہ لوہا کی مانند سخت ہو جاتے ہیں جبکہ کارکنوں کو سیاست عبادت کی حیثیت سے کرنی چاہیے۔

اس موقع پر سمیع اللہ چوہدری نے کارکنوں کا تعارف ان کے ناموں اور سابق عہدوں کے ساتھ میاں شہبازشریف سے کریا اور وزیراعلیٰ نے ان کی خدمات کو سراہا۔