پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے مل کر میڈیا کے خلاف قرارداد منظور کرائی

پیر 12 جولائی 2010 19:14

لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 جولائی۔2010ء) جماعت اسلامی کے زیراہتمام آج منصورہ سے باہر ملتان روڈ پر میڈیا سے اظہار یکجہتی اور پنجاب اسمبلی کی میڈیا کے خلاف قرارداد کے خلاف بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، اورڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فریداحمد پراچہ نے کی۔ ریلی میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کی طرف سے حکمرانوں کو وارننگ دیتے ہیں کہ میڈیا کی آزادی پر کسی نوعیت کی کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی۔ صحافی برادری نے میڈیا کی آزادی کوقائم رکھنے کے لیے فوجی اور سول آمریتوں کے دور میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اعلان ہے کہ پاکستان کے کرپٹ حکمران اور قومی خزانہ لوٹنے والے پاکستان میں آزاد میڈیا اور آزاد عدلیہ کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں،ہم عدلیہ پر کسی طالع آزما اور کرپٹ مافیا کو شبخون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے، عدلیہ کی آزادی کے لیے ججوں نے خود بڑی قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

رائے عامہ کی آزادی کے لیے سیاسی کرپٹ اتحاد کو توڑنے کے لیے آزاد میڈیا پاکستان کے مظلوم عوام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے مل کر میڈیا کے خلاف قرارداد منظور کرائی ، اب وہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ہیں۔یہ چاہتے ہیں کہ ان کی کرپشن جعلی ڈگریوں، لوٹی ہوئی دولت کو کوئی بے نقاب نہ کرے اور جعلی ڈگریوں والے مظلوم عوام کی گردنوں پر مسلط رہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اب بڑے بھولے بن کر سوال کررہے ہیں کہ یہ مستی خیل کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیرقانون کے چیمبر میں بیٹھ کر قرارداد تیار کی گئی پھر وزیراعلیٰ کے چیمبرمیں ا سے فائنل کیاگیا اور پھر اسمبلی کے اندر اس شرمناک قرارداد کو منظور کرکے اپنی قوت کا مظاہرہ کیاگیا۔لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت میڈیا سے معافی مانگے اور قرارداد واپس لی جائے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فریداحمد پراچہ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور مرکزی حکومت کے چوروں ، ڈاکووٴں اور لٹیروں کی طرف سے میڈیا کے خلاف مہم چلائی گئی اور اسمبلی میں افسوسناک قرارداد منظور کرائی گئی ۔ جعلی ڈگریوں اور عدلیہ سے ٹکرانے والے ، ملک کو تباہ کرنے اور بیروزگاری و مہنگائی کو مسلط کرنے والے چاہتے ہیں کہ کوئی احتجاج نہ کرے اور ان کے کرتوتوں پر پردے پڑے رہیں۔ ان کا یہ خیال رائیگاں جائے گا اب عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور ان کے مصنوعی اقتدار سے نجات حاصل کرکے رہیں گے۔اس موقع پر عوام نے میڈیا کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔