ن لیگ کے وفود کی راشد حسین کی نماز جنازہ میں شرکت ، شریف برادران کی طرف سے تعزیت کا پیغام پہنچایا

اتوار 25 جولائی 2010 17:01

لاہور+نوشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 25جولائی ۔ 2010ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دو الگ الگ وفود نے خیبر پختونخواہ کے وزیراطلاعات میاں افتخار حسین کے صاحبزادے کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شریف برادران کی طرف سے تعزیت کا پیغام پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا کی قیادت میں ایک وفد نے میاں راشد حسین کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفد میں انور کمال مروت ، سکندر خان ، میاں رشید انور خان ، یوسف ضیاء اور دیگر رہنما شامل تھے جبکہ پنجاب کے وزیرتعلیم مجبتیٰ شجاع الرحمن کی زیر قیادت ایک دوسرے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کی ہدایت پر نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وفد میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ ، خواجہ سلمان رفیق ، حافظ نعمان اور دیگررہنما شریک تھے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائدین نے نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میاں افتحار حسین کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی ، فاتحہ خوانی اورنوازشریف اور شہبازشریف کی طرف سے افسوس اور ہمدردی کے پیغامات پہنچائے۔ ذرائع کیمطابق نوازشریف وطن واپسی پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اوردیگرقائدین کے ہمراہ میاں افتخار حسین کے گھرجاکر بھی تعزیت کریں گے۔