مسلم لیگ (ن) کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ، نواز شریف کی راجہ فاروق حیدر کو یقین دہانی

پیر 26 جولائی 2010 18:11

اسلام آباد (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 جولائی۔2010ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کو یقین دلایا ہے کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ پیر کو دبئی سے اسلام آباد کشمیرہاؤس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں سیاسی اور حکومتی عدم استحکام پیدا کرنے کی منفی کوششوں کے خلاف اور وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی حکومت کی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ہر ممکن حمایت جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سے اہم تفصیلات بھی حاصل کیں اور کہا کہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں اور قریبی ساتھیوں کو راجہ فاروق حیدر خان اور ان کے ساتھیوں کی بھرپور حمایت کرنے کی ہدایت کی ہے اور وہ پاکستان واپس آ کرفوری مثبت اقدامات اٹھائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے میاں نواز شریف سے بات چیت کے دوران پاکستان مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ان کی حکومت کی بھرپور حمایت پر ان کا شکریہ ادا اور کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی میاں نواز شریف کی قیادت اور رہنمائی میں کشمیر کاز اور عوام کے سیاسی و جمہوری حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرینگے ۔