حکومت متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیگی، آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم گیلانی، وفاقی حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے تمام صوبوں سے بھرپور تعاون کرے گی، وزیراعلی پنجاب سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 15 ستمبر 2010 16:25

وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت متاثرین سیلاب کو تنہا نہیں چھوڑیگی ،آخری متاثرہ شخص کی بحالی و آبادکاری تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ،وفاقی حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے تمام صوبوں سے بھرپور تعاون کرے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ رو زلاہورائیرپورٹ پر وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

تیس منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال ،متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی سرگرمیوں ،ملکی و بیرونی امدادی کی شفاف منتقلی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

ا س موقع پر وزیراعلی پنجاب نے وزیراعظم گیلانی کو پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں میں امداد سرگرمیوں اوردیگر انتظامات سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ سیاسی قیادت اورعوام مل کر سیلاب زدگان کو مشکلات سے نکالیں گے اوروفاقی حکومت تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلے گی ۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب کو یقین دلایا کہ بیرونی امداد کے بارے میں تمام صوبوں کو باخبررکھا جائیگا ،حکومت متاثرین سیلاب کی مشکلات اورصوبوں کی ضروریات سے غافل نہیں ہے صوبوں سے بھرپور تعاون کیا جائیگا