متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس،ایم کیو ایم کا سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ ،درخواست کل قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی جائے گی، ہم جس کے ساتھ ہوتے ہیں وہ حکومت میں ہوتا ہے ، ہم جس کے ساتھ نہیں ہوتے وہ حکومت میں نہیں ہوتا،بابر غوری

اتوار 2 جنوری 2011 21:17

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن اور ایم کیوایم کے سینیٹرز اورارکان قومی وصوبائی اسمبلی کا ایک مشترکہ اجلاس آج ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پرہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم سینٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی۔اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کی باقاعدہ درخواست کل قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جائے گی۔

اجلاس میں متفقہ طورپرفیصلہ کیاگیاکہ ایم کیوایم ایک عوامی جماعت ہے جوعوام کی خواہشات اورامنگوں کے مطابق فیصلہ کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

ایم کیوایم کے منتخب نمائندے عوام کے درمیان رہتے ہیں ا ورعوام کوبراہ راست جوابدہ ہیں ، پیٹرول ،ڈیزل اورمٹی کے تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اوربڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ایم کیوایم پر عوام کاشدید دباوٴ ہے ۔ ایم کیوایم ایسی صورتحال میں حکومتی بینچوں پر بیٹھنے کوملک کے عوام کے ساتھ سنگین مذاق تصورکرتی ہے لہٰذا اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ کیاگیا کہ ایم کیوایم سینیٹ اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے گی اوراپوزیشن بینچوں پربیٹھ کر ہم حکومت کے مثبت اقدامات کی حمایت کریں گے لیکن عوام دشمن اقدامات اورفیصلوں پر کھل کراحتجاج کریں گے