گیس کی بندش کے خلاف مختلف شہروں میں مظاہرے ،سی این جی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف ٹرانسپورٹرز اور سی این جی ایسوسی ایشن کے بھی مظاہرے،پبلک ٹرانسپورٹ پرعائد گیس فلنگ کی پابندی اٹھا لی گئی،نئے سی این جی اسٹیشن لگانے ، سی این جی کٹس اور سلنڈرز کی درآمد پر پابندی عائد،قومی اسمبلی میں ن لیگ اور متحدہ قومی موومنٹ گیس بحران اور سی این جی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج، اجلاس سے واک آوٴٹ

پیر 2 جنوری 2012 22:19

گیس کی بندش اور سی این جی نہ ملنے کی وجہ سے پشاور راولپنڈی اور فیصل آباد میں شہری سراپا احتجاج ہیں۔ سی این جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ اور کمرشل گاڑیوں میں سی این جی پر پابندی کیخلاف ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز اور سی این جی ایسوسی ایشن نے ہڑتال کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کیئے ۔ ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاً روکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہوں کو چاروں اطراف سے بند کرکے احتجاج کیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا جبکہ سی این جی ایسویسی ایشن کے عہدیداران نے بھی ٹرانسپورٹروں کا ساتھ دیا اور کئی گھنٹے تک شاہراہوں کو جام کئے رکھا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز ایسویسی ایشن کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ حکومت نے انہیں کہیں کا نہیں چھوڑا راتوں رات اربوں روپے کی انڈسٹری کو نقصان پہنچا یا ہے ، ہزاروں گاڑیاں سی این جی کی وجہ سے کھڑی ہو گئی ہیں جس سے لاکھوں افراد کا روز گار وابستہ تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ حکومت نے سی این جی بسوں اور ویگنوں پر عائد کی گئی گیس فلنگ کی پابندی اٹھا لی ہے ۔ادھروزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا کہ ماضی میں جنہیں سی این جی اسٹیشن لگانے کی اجازت دی تھی ان پر پابندی لگا دی گئی ہے اور سی این جی کٹس اور سلینڈر کی درامد پر بھی مکمل پابندی لگا دی گئی ہے جبکہ ایران سے آئندہ 3 یا 4 سال میں گیس کی فراہمی شروع ہو جائے گی