ارسلان افتخار کیس کے مرکزی کردار ملک ریاض نے تحریری بیان شعیب سڈل کمیشن میں جمع کرا دیا ،ملک ریاض کاکمیشن پر عد م اعتماد کا اظہار ،سپریم کورٹ میں دائر نظر ثانی درخواست کے فیصلے تک کاروائی نہ کرنے کی درخواست

منگل 13 نومبر 2012 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔13نومبر۔2012ء) ارسلان افتخار کیس کے مرکزی کردار اور بحریہ ٹاؤن کے سابق سربراہ ملک ریاض کا تحریری بیان انکے وکیل زاہد بخاری نے شعیب سڈل کمیشن میں جمع کرا دیا جس میں ملک ریاض نے کمیشن پر عد م اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر نظر ثانی درخواست کے فیصلے تک کاروائی نہ کرنے کی درخواست کی ہے ۔

منگل کو بحریہ ٹاؤن کے سابق سربراہ ملک ریاض کے وکیل زاہد بخاری نے ملک ریاض کا تحریری بیان شعیب سڈل کمیشن میں جمع کرا یاجس میں انھوں نے کہا کہ کمیشن سے شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی توقع نہیں،آزاد تحقیقاتی ادارے کے سامنے ثبوت پیش کرسکتے ہیں ۔ملک ریا ض نے سپریم کورٹ میں دائر نظر ثانی درخواست کے فیصلے تک کاروائی نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ شعیب سڈل قابل احترام ہیں تاہم کمیشن کو نہیں مانتے،سپریم کورٹ میں دائر درخواست کو تحقیقات کا حصہ بنا سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق شعیب سڈل کمیشن نے کہا ہے کہ ملک ریاض بیان کو تحقیقات میں شامل کرنے کا کہتے ہیں اور کمیشن کو نہیں مانتے،سپریم کورٹ سے کوئی حکم امتناعی نہیں ملا،جب حکم امتناعی نہیں ملا تو ہم تحقیقات کیوں روکتے ۔شعیب سڈل کمیشن کے مطابق ملک ریاض کو پانچ نوٹس جاری کیے گئے ۔دونوں فریقین کے ساتھ برابری کا سلوک ہوگا، دونوں فریقین سے ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ملک ریاض کو ارسلان افتخار سے براہ راست سوالات کرنے کا موقع دیا جائیگا۔