حریت کانفرنس کے قائدین کا دورہ پاکستان ‘ آزاد کشمیر کے حریت رہنماؤں ‘سیاسی جماعتوں اور مہاجرین نے پرتپاک استقبال کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی

جمعرات 13 دسمبر 2012 16:28

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔13دسمبر 2012ء) حریت کانفرنس کے قائدین کا دورہ پاکستان و آزاد کشمیر حریت لیڈروں کا پرتپاک استقبال کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں اور مہاجرین نے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ، مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں مقیم مہاجرین اپنے قائدین کا بھرپور استقبال کریں گے ، مظفر آباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ممبر و سابق ڈپٹی سپیکر محترمہ مہر النساء کی زیرصدارت مہاجرین نمائندگان کا اہم اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں ماسٹر یوسف بٹ ، اقبال اعوان ، راجہ ولایت خان ، غلام حسن بٹ ، صدیق داؤد، نذر شاہ ، مقصود بٹ ، غلام رسول ، شیخ رشید ، غلام رسول تانرے ، قاسم قریشی ، لیاقت اعوان ، چوہدری شاہ ولی ، شوکت بٹ ، شجاع الحق ، ظہیر خان ، محمود شاہ ، شاہین بٹ ، محمد اقبال ، راجہ عارف ، قاری شمس الدین ، چوہدری قیوم ، شفیق بٹ ، چوہدری فیض ، عاطف لون ، چوہدری مسکین سمیت دیگرمہاجرین نے شرکت کی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ مہر النساء نے کہا کہ حریت کانفرنس کے قائدین کا دورہ پاکستان و آزاد کشمیر سے تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات پڑیں گے ، مہاجرین اور آزاد کشمیر کے عوام اپنے رہنماؤں کا آزاد کشمیر آمد پر فقید المثال استقبال کریں گے ، ان کے دورے سے مہاجرین اور تحریک آزادی سے وابستہ تنظیموں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ، انہوں نے کہاکہ بھارت نے قائدین کو ویزے جاری نہ کرکے اور سفری دستاویزات نہ دے کر کشمیریوں سے روایتی نفرت اور انتقام کا ثبوت دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مہاجرین مظفر آباد آمد پر حریت قیادت کا بھرپور استقبال کرکے تحریک سے اپنی وابستگی کا ثبوت دیں گے ، محترمہ مہر النساء نے تمام مہاجرین کو حریت رہنماؤں کا بھرپور استقبال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے جس عظیم مقصد اور کاز کیلئے قربانیاں دی ، گھر بار چھوڑے اور ہجرت جیسا غم برداشت کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔