مقبوضہ کشمیر میں فیس بک پر کمنٹس پاس کرنے والے 16 کشمیریوں کی گرفتاری ‘ بھارتی سرکار معاملہ کے تدارک کیلئے جلد ریاستوں کو ہدایات جاری کرے گی‘ٹیلی مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کپل سبل

ہفتہ 15 دسمبر 2012 15:43

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔15دسمبر 2012ء) انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کا کچھ ریاستوں میں بے جا استعمال ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے ٹیلی مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی کپل سبل نے کہا ہے کہ آئی ٹی ایکٹ کی ایک شق کا متعدد ریاستوں میں بے جا استعمال ہوا ہے اور اس کے تدارک کیلئے عنقریب ہی مرکزی سرکار ریاستوں کو ہدایت جاری کر رہی ہے ۔

واضح رہے کہ جموں وکشمیر سمیت متعدد ریاستوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آئی ٹی ایکٹ کے تحت فیس بک اور دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائیٹوں پر اظہار رائے کرنے والے افراد کے خلاف کیس درج کئے ہیں ۔ وادی کشمیر میں اس ضمن میں اب تک16افراد کیخلاف مقدمات درج کئے جاچکے ہیں ۔ کپل سبل کا کہنا تھا کہ ہمارے تخمینوں کے مطابق آئی ٹی ایکٹ کی شق66Aکا کچھ ریاستوں میں غلط استعمال ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ سرکار کی اور میری بھی رائے ہے کہ اس قانون کا صحیح استعمال نہیں کیا جارہا ۔جلد ہی ہم اس ضمن میں ریاستوں کو ایک ہدایت نامہ جاری کر رہے ہیں ۔کپل سبل نے ان باتوں کا اظہار راجیہ سبھا میں کہا۔سبل آئی ٹی ایکٹ کی شق66کا پولیس ا ور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادروں کی طرف سے غلط استعمال کئے جانے کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے ۔