2012ء دہشتگردی کے درجنوں واقعات کو پیچھے چھوڑ کر رخصت‘ نئی امیدوں اور امنگوں کو لے کر 2013ء کا سورج طلوع ، نئے سال کے دوران ملکی سیاسی افق پر چھائی بہت سی شخصیات رخصت ہونگی‘ الیکشن ہونے پر اقتدار کے ایوانوں میں بہت سی تبدیلیاں آئیں گی‘ ‘ نئے سال میں صدر زرداری ستمبر ‘ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نومبر اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری دسمبر میں اپنی مدت پوری کرکے رخصت ہو ں گے‘ نئے سال کے آغاز سے ملک میں بھرپور سیاسی سرگرمیاں، برسہابرس تک پاکستان پر راج کرنے والے منہ زور بیوروکریسی کے بڑے بڑے برج الٹ جائیں گے ‘ گریڈ 22کے 24سینئر بیوروکریٹس کی اپنے گھروں کو رخصتی ہو گی

منگل 1 جنوری 2013 14:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) سال 2012ء پاکستان میں دہشت گردی کے درجنوں واقعات کو پیچھے چھوڑ کر رخصت ہوا‘ نئی امیدوں اور امنگوں کو لے کر 2013ء شروع ہوا ہے ‘ نیا سال پاکستان کیلئے اس لئے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اس سال کے دوران ملک کے سیاسی افق پر چھائی بہت سی شخصیات نہ صرف رخصت ہوجائیں گی بلکہ الیکشن ہونے پر اقتدار کے ایوانوں میں بھی بہت سی تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔

نئے سال کے دوران صدر زرداری ستمبر ‘ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نومبر اور چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری دسمبر میں اپنی مدت پوری کرکے رخصت ہو ں گے۔ انتخابات کی وجہ سے نئے سال کے آغاز سے ہی ملک میں بھرپور سیاسی سرگرمیاں دیکھنے میں آرہی ہیں موجودہ حکومت کی مدت اقتدار مارچ کے وسط میں پوری ہو نے پر اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

نگراں حکومت کو اقتدار ملے گا مگر صرف بطورامانت۔

تین ماہ کے اندر اندر یہ نگراں حکومت انتخابات کا انعقاد ممکن بنائے گی۔ اس درمیان میں ہی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کی میعاد بھی پوری ہوجائے گی۔ انتخابات کے بعدسب کچھ نیا ہوگا۔ نئی کابینہ ،نئے وزیراعظم اورنئے ایوان نمائندگان۔ان سے بھی بڑے عہدوں کی بات کریں تو ستمبر کے مہینے میں صدر آصف علی زرداری کے عہدے کی بھی معیاد پوری ہوجائے گی۔

نومبر میں پاک فوج کے سربراہ جنرل پرویز اشرف کیانی ریٹائرڈ ہوجائیں گے۔ دسمبر کے مہینے میں چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری بھی اپنی ملازمت کو خیر باد کہہ دیں گے۔بڑے عہدوں میں سے ایک یعنی صدرکا عہدہ آصف علی زرداری کو دوبارہ مل سکتا ہے لیکن اس کا دارومدار بھی آئندہ انتخابات اور اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت پر ہے۔ رواں سال اعلیٰ بیورو کریسی کے منہ زور 24 وفاقی سیکرٹریز بھی اپنی مدت پوری کرنے پر ریٹائر ہو جائیں گے۔

رواں سال 2013 کے دوران برسہابرس تک پاکستان پر راج کرنے والے بیوروکریسی کے بڑے بڑے 24برج الٹ جائیں گے ، قوم کو داغ مفارقت دیکر رخصت ہونے والے 24 گریڈ 22کے سینئر بیوروکریٹس میں 3 صوبوں کے چیف سیکرٹریز ‘ 2 صوبوں کے پولیس سربراہان سیکرٹری داخلہ ، سیکرٹری مذہبی امور ، سیکرٹری شماریات ، سیکرٹری اطلاعات سمیت متعدد وفاقی سیکرٹریز شامل ہیں ، رخصت ہونے والوں میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو ، صدر زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کیخلاف نوازشریف دور میں سیف الرحمن کے ساتھ مل کر کرپشن کے مقدمات بنانے والے حسن وسیم افضل بھی شامل ہیں جو تقریباً پانچ سال او ایس ڈی رہنے کے بعد گھر چلے جائیں گے ۔