ایکسیڈنٹ انشورنس ایک عام آدمی کے تحفظ کیلئے عوامی حکومت کا پہلا قدم ہے‘ سکیم کے نفاذ پر وزیراعظم عبدالمجید مبارکباد کے مستحق ہیں‘ عوام کو سہولت دینے اور ان کی عزت نفس کی بحالی کی قسم کھا رکھی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آزادکشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ طاہر کھوکھرکی صحافیوں سے بات چیت

منگل 1 جنوری 2013 16:46

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کی پارلیمانی لیڈر و وزیر ٹرانسپورٹ آزادکشمیر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ ایکسیڈنٹ انشورنس ایک عام آدمی کے تحفظ کیلئے عوامی حکومت کا پہلا قدم ہے‘ سکیم کے نفاذ پر وزیراعظم چودھری عبدالمجید مبارکباد کے مستحق ہیں۔ عوام کو سہولت دینے اور ان کی عزت نفس کی بحالی کی قسم کھا رکھی ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر کھوکھر نے بتایا کہ جملہ ڈویژن ہاء کے کمشنرز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ ڈویژن کی حدود کے اندر کسی بھی ٹریفک حادثہ کی صورت میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے کوائف ازخود فوری طور پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے دفتر ارسال کریں تا کہ ایک ہفتہ کے اندر لواحقین کو معاوضہ جات کی ادائیگی کر دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں زخمی ہونے والوں کو چند ہزار کے معاوضہ کے لیے مہینوں دفاتر کے چکر لگانے پڑتے تھے اور معاوضہ سے زیادہ رشوت پٹواری کھا جاتے تھے۔

اب ایسا نہیں ہو گا۔ عوام کو ان کے گھروں کی دہلیز پر انصاف ملے گا۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ پہلی مرتبہ ایک عام آدمی کے تحفظ کے لیے انقلابی قدم اٹھایا گیا ہے۔ اب کم از کم ایک غریب، مزدور، محنت کش کو دوران سفر تحفظ کا احساس ہو گا۔ پہلے تو ہم اپنی تمام تر توانائیاں حادثات کی روک تھام کے لیے استعمال کریں گے۔ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

بغیر مینٹیننس کسی گاڑی کو سڑک پر نہیں آنے دیا جائے گا۔ انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چودھری عبدالمجید کی قیادت میں عوامی حکومت آزاد خطہ میں عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر کار فرما ہے۔ حکومتی اقدامات سے اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ عوام حکومت سے تعاون کریں ان کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے اور انہیں ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :