ایم کیو ایم کا اور ہمارا مشن ایک ہے ،ڈاکٹر طاہر القادری

منگل 1 جنوری 2013 16:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 1جنوری2013ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور ان کے رفقاءکو اپنی رہائش گاہ نائن زیرو عزیزآباد تشریف لانے پراپنی، رابطہ کمیٹی اورایم کیوایم کے ایک ایک کارکن کی جانب سے خوش آمدید کہااوران کا شکریہ ادا کیا۔ اپنی رہائش گاہ پر مہمانوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ ہم پاکستان کے کرپٹ سیاسی نظام کے خاتمے اورملک میں صحیح معنوں میں جمہوریت کے قیام کیلئے متحد ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں اس نیک مشن میں فتح وکامرانی عطا فرمائے اورملک بھر کے عوام کو کرپٹ سیاسی نظام سے نجات دلائے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نائن زیرو آکر مجھے قطعی اجنبیت محسوس نہیں ہورہی ہے اور میں محسوس کررہا ہوں کہ میں تحریک منہاج القرآن کے دفتراوراپنے گھر میں بیٹھا ہوا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان جاگیرداروں اور وڈیروں نے نہیں بلکہ انڈیا سے ہجرت کرنے والے مہاجروںکی قربانیوں سے وجود میں آیا ہے اورہم پاکستان کی بقاءوسلامتی کیلئے جمع ہوئے ہیں ۔

ہم نے ایک نیک مشن کیلئے ہاتھ ملائے ہیں ،جب تک جاگیرداریت اوراستحصالیت کے بت پاش پاش نہیں ہوجاتے یہ ہاتھ جڑے رہیں گے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے آپ جس مشن ومقصد کو لیکر چل رہے ہیں وہ ہمارااورپوری قوم کا مشترکہ پروگرام بن چکا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ استحصالی قوتیں اس اتحاد کے خلاف سازشیں کریں گی اورہمیں دباو کا نشانہ بھی بنائیں گی لیکن ہم جڑے رہیں گے اورانشاءاللہ فتح حق کی ہوگی ۔ڈاکٹرطاہرالقادری نے نائن زیروپرپرتپاک استقبال پر الطاف حسین اور ایم کیوایم کے رہنماوں اور کارکنوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔