چوہدری برادران انتخابات سے فرار کے راستے ڈھونڈھ رہے ہیں ان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے‘ عام انتخابات کا نتیجہ دیوار کا لکھا ہے‘ سب کو اس کا پتہ چل گیا ہے‘ گجرات میں کسی کو واک اوور نہیں لینے دینگے‘ ہماری مخالف جماعتوں کو آنے والے انتخابات کیلئے وہاں امیدوار نہیں مل رہے‘ کسی اتحادی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑ سکتے، وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 1 جنوری 2013 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے کہا ہے کہ چوہدری برادران انتخابات سے فرار کے راستے ڈھونڈھ رہے ہیں ان کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دینگے‘ عام انتخابات کا نتیجہ دیوار کا لکھا ہے‘ سب کو اس کا پتہ چل گیا ہے‘ گجرات میں کسی کو واک اوور نہیں لینے دینگے‘ ہماری مخالف جماعتوں کو آنے والے انتخابات کیلئے وہاں امیدوار نہیں مل رہے‘ کسی اتحادی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑ سکتے۔

وہ منگل کو اپنے دفتر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کررہے تھے۔ چوہدری احمد مختار نے کہا کہ عام انتخابات میں مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میں ہوگا تحریک انصاف یا قادری کاغذی شیر ہیں جب سر پرست سرپرستی چھوڑ دیں گے تو اپنی موت آپ مر جائینگے ایک شیر کا حشر سب کے سامنے ہے دوسرا چند دن کا مہمان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سیاست میں نئے چہرے متعارف نہیں ہوتے یہ فلمی دنیا میں ہوتا ہے سیاست میں قربانیاں دینا پڑتی ہیں جو پی پی کی لیڈر شپ سے لے کر ہزاروں کارکنوں نے دی ہیں اس وقت عالمی اور ملکی حالات نازک ہیں یہ پیپلز پارٹی کا اعزاز ہے کہ پانچ سال مفاہمت کی سیاست کی اسے جاری رکھا جائے گا ہمارے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں اگر کوئی جانا چاہئے تو اس کی مرضی ہے اس وقت گجرات میں مخالف جماعتوں کو عام انتخابات کیلئے امیدوار نہیں مل رہا کسی اتحادی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑ سکتے اس لئے پی پی میں شمولیت کے لئے دوسری جماعتوں کے لوگ رابطہ کررہے ہیں کیونکہ ان کو پتہ چل چکا ہے کہ گجرات میں چلے کارتوس نہیں جیت سکتے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات والوں کے حقوق کا ہمیشہ تحفظ ہم نے کیا ہے کسی اور نے نہیں کیا اس بات کا پورا گجرات گواہ ہے پیپلز پارٹی پورے پاکستان کی طرح گجرات کی ہر نشست پر امیدوار کھڑا کرے گی اور کسی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑے گی۔

متعلقہ عنوان :