کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا‘ کئی سیاسی جماعتوں نے ابھی تک تحریری تجاویز فراہم نہیں کیں‘ حلقہ بندیوں کے عمل میں فوج صرف سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی‘ الیکشن کمیشن نے 2013ء کے عام انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر کسی وقت انتخابات کیلئے تیار ہیں، چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کا انٹرویو

منگل 1 جنوری 2013 16:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا‘ کئی سیاسی جماعتوں نے ابھی تک تحریری تجاویز فراہم نہیں کیں‘ حلقہ بندیوں کے عمل میں فوج صرف سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی‘ الیکشن کمیشن نے 2013ء کے عام انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں، اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر کسی وقت انتخابات کیلئے تیار ہیں۔

منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم نے کہا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا ، حلقہ بندیوں کے حوالے سے کئی سیاسی جماعتوں نے ابھی تک تحریری تجاویز فراہم نہیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے عمل میں فوج صرف سیکورٹی کے فرائض سرانجام دے گی تاہم نئی حلقہ بندیوں کا عمل الیکشن کمشن کی زیرنگرانی ہوگا۔

(جاری ہے)

فوج نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی 16مارچ کو اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، 2013ء کے عام انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کی جانب تیاریاں مکمل ہیں۔ اسمبلی کی مدت پوری ہونے پر کسی وقت انتخابات کے انعقاد کیلئے تیار ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس (آج) بدھ کو اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات اور کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق غور کیا جائے گا۔