بھارت پاکستان کے ساتھ جوابی سیریز کھیلے، سیریز پاکستان میں ممکن نہیں تو اس کیلئے متبادل جگہ تلاش کی جائے، پاکستان میں مجھے ہمیشہ عزت دی گئی،پاکستان کا مضبوط باؤلنگ اٹیک کسی بھی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو کی میڈیا سے گفتگو

پیر 7 جنوری 2013 14:22

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 7جنوری2013ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز نوجوت سنگھ سدھو نے کہاہے کہ پاکستان ٹیم کے دورے کے بعد اب بلیوشرٹس کو بھی چاہئے کہ ہمسایہ ملک کے ساتھ جوابی سیریز کھیلے، سیریز کاانعقاد پاکستان میں ممکن نہیں تو اس کیلئے متبادل جگہ تلاش کی جائے۔فیروز شاہ سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق بیٹسمین کا کہناتھا کہ پاکستان میں مجھے ہمیشہ عزت دی گئی،پاکستان جانے کے بعد کبھی محسوس نہیں ہوا کہ میں کسی دوسرے ملک میں ہوں۔

(جاری ہے)

سدھو کا کہناتھا کہ پا ک بھارت سیریز کا انعقاد چیئرمین پی سی بی اور بی سی سی آئی کی بہترین کاوش ہے اور یہ سلسلہ مستبقل بھی جاری رہنا چاہئے۔نوجوت سدھو نے گرین شرٹس کے بالنگ اٹیک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کا موسم اور دیگر چیزیں مشترک ہونے کے باوجود دونوں ممالک کی گیند بازی میں انتہائی فرق ہے،ان کا کہناتھا کہ پاکستان ٹیم کے پاس عمرگل،جنید خان، محمد عرفان اور دوسرا اسپیشل کی صورت میں دنیا کا مضبوط بالنگ اٹیک ہے جو کہ کسی بھی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔