صوبائی وزیرزراعت ارباب ایوب کا بارشوں سے متاثرہ علاقوں کادورہ ،نقصانات اورتباہی کا جائزہ لیا ،مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت

بدھ 6 فروری 2013 21:46

 پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6فروری۔ 2013ء) خیبرپختونخوا کے وزیرزراعت ارباب محمد ایوب جان نے بدھ کے روز ارباب عثمان خان کے ہمراہ حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اورتباہی وبربادی کا جائزہ لینے کے لئے پشاور کے نواحی دیہات پخہ غلام، ثمرباغ، کینال ٹاؤن اوردوسرے دیہات کا تفصیلی دورہ کیا جبکہ ثمرباغ میں فضل گل کے مکان کی چھت گرنے سے اس کے دوبچوں کے جاں بحق ہونے کے سلسلے میں ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے فاتحہ خوانی کرنے کے علاوہ ان سے ہمدردی کااظہارکیا۔

صوبائی وزیر کو علاقہ کے لوگوں کی طرف سے بتایاگیاکہ نادرن بائی پاس روڈ پر بنائے جانے والے پل کی غلط ڈیزائننگ کی وجہ سے پورے علاقہ میں زبردست تباہی ہوئی اگراس پل کو چوڑانہ کیاگیا تو شدید بارشوں میں سیلابی پانی جمع ہونے سے علاقہ میں مزید تباہی وبربادی پھیلے گی لہٰذا نادرن بائی پاس پل کو فوری طورپر چوڑا کرکے درجنوں دیہات کو تباہی وبربادی سے بچایاجائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کی طرف سے لوگوں کو یقین دلایاگیا کہ نادرن بائی پاس پل کو چوڑا کرنے کے سلسلے میں فوری طورپر وفاقی حکومت سے رابطہ کیاجائے گا انہوں نے کہاکہ شدیدبارشوں اورسیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات کاازالہ کرنے اور متاثرین کی مالی مددکرنے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سے رابطہ کیاجائے گا۔صوبائی وزیرارباب ایوب جان کی طرف سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ بارشوں اورسیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات کا فوری طورپر تخمینہ تیارکرکے اس کی رپورٹ بھیجی جائے۔

علاقے کے لوگوں کی طرف سے ارباب ایوب جان اورارباب عثمان خان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاگیاکہ انہوں نے سب سے پہلے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے اورمتاثرین سے اظہاریکجہتی کرکے عوام دوستی کا ثبوت دیاہے لہٰذا علاقہ کے لوگ بھی ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد متاثرین کی مالی مددکرنے کے سلسلے میں صوبائی وزیرارباب محمد ایوب جان کی طرف سے وزیراعلیٰ سے رابطہ کیاگیا جس پر وزیراعلیٰ کی طرف سے انہیں یقین دلایاگیاکہ متاثرین کی ہرممکن مددکی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :