حکومت فوری بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کو معاوضہ ادا کرے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کی مشکلات و پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے،حکمرانوں نے5 سالہ دور اقتدار میں ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹاہے ، کرپشن کا فروغ موجودہ حکومت کے ماتھے پر کلنک کاٹیکہ ہے، جماعت اسلامی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر کاشف اعظم کاسنگو میں نوجوانوں سے خطاب

بدھ 6 فروری 2013 21:46

 پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6فروری۔ 2013ء) سابق صوبائی وزیر و رہنماء جماعت اسلامی کاشف اعظم نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے کر متاثرین کو معاوضہ ادا کرے، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کے مشکلات و پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے،حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں ملکی وسائل کو بے دردی سے لوٹاہے ، کرپشن کا فروغ اس حکومت کے ماتھے پر کلنک کے ٹیکے کی مانند پوری قوم کو دکھائی دے رہاہے ۔

وہ بدھ کویونین کونسل اچینی علاقہ سنگو میں نوجوانوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر تحریک انصاف ، پی پی پی اور اے این پی سے درجنوں افراد نے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اعلان کرنے والوں میں اسماعیل خان ، کشمیر خان، صبورجان ، سہیل خان آفریدی ، طارق خان، محمد سجاد اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجتماع سے ابولحسن ، مجید خان اور صفدر ایوب نے بھی خطاب کیا۔

کاشف اعظم نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی،لوٹ مار،بے روزگاری،کرپشن ،بد امنی اور ٹارگٹ کلنگ عروج کا پہنچ چکی ہے۔قانون کی بالا دستی ختم ہو چکی ہے حکمران قانون کو قائم کرنے کی بجائے خود قانون شکن بن چکے ہیں۔پاکستان کے سپریم ادارے کی توہین کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا وقار مجروع ہوا ہے۔حکمران اپنی کرپشن کو بڑھانے کے لئے ملک کی عزت و وقار کو تبا ہ کررہے ہیں۔

موجودہ حکمرانوں کے اعمال کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثر قائم ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس ملک کے قانون بنانے والے خود قانون شکن بن جائیں وہا ں قانون کی کیا اہمیت رہ جائے گی۔انھوں نے کہا کہ نوجوان ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں اور ملک کے مستقبل کو روشن بنائیں ۔