پی ٹی اے کے افسران خاورصدیق کھوکھراورنصیرکریم غزنوی کے دفاترپرچھاپہ کیخلاف مظاہرہ، ڈی چوک میں ہونیوالے مظاہرے میں پی ٹی اے کے ملازمین اورسول سوسائٹی کے ارکان کی شرکت، اداروں کے حملے نامنظور کے نعرے ،وزیراعظم سے سیکرٹری داخلہ ،ایف آئی اے اورپولیس حکام کیخلاف کارروائی کامطالبہ

بدھ 6 فروری 2013 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔6فروری۔ 2013ء) پی ٹی اے کے ملازمین اورسول سوسائٹی کے ارکان کا پی ٹی اے کے ممبرٹیکنیکل خاورصدیق کھوکھراورنصیرکریم غزنوی کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے اورپولیس کی جانب سے ان کے دفاترپر چھاپے کے خلاف مظاہرہ ،اداروں کے حملے نامنظور کے نعرے ،وزیراعظم سے سیکرٹری داخلہ ،ایف آئی اے اورپولیس حکام کے خلاف کارروائی کامطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کوپارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے واقع ڈی چوک میں پی ٹی اے کے ملازمین اورسول سوسائٹی کے ارکان نے خاورصدیق کھوکھراورنصیرکریم غزنوی کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے اورپولیس کی جانب سے ان کے دفاترپرچھاپے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سول سوسائٹی کی آمنہ مسعودجنجوعہ نیکہاکہ خاورصدیق کھوکھراورنصیرکریم غزنوی کوزبردستی گرفتارکرنے کی کوشش کی وہ انتہائی افسوسناک ہے ۔

(جاری ہے)

ہم اس کارروائی کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔پی ٹی اے کے ملازمین نے کہاکہ اداروں پرحملے کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پرویزاشرف سیکرٹری داخلہ اورایف آئی اے اورپولیس کے خلاف فوری کارروائی کریں بصورت دیگرہم انتہائی اقدام اٹھانے پرمجبورہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایف آئی اے دوسروں کوٹھیک کرنے سے پہلے خودکوٹھیک کرے ۔واضح رہے کہ خاورصدیق کھوکھراورنصیرکریم غزنوی کی گرفتاری کے احکامات براہ راست وزیراعظم ہاوٴس سے لئے گئے تھے ان افسران کو تھری جی لائسنس کی نیلامی میں رکاوٹ سمجھاجارہاہے جس کے ذریعے اربوں روپے کمیشن حاصل کرنے کی منصوبہ بندی ہورہی ہے ۔چیئرمین پی ٹی اے فاروق اعوان کوبھی موجودہ وزیراعظم نے ہی اس عہدے پر تعینات کیاتھا ۔