دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں صف اول کا اتحادی ہونے کے باعث ہماری کرکٹ کو نقصان پہنچا ، پاکستان سپر لیگ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، پی سی بی کی مرضی کے سکیورٹی اداروں کو حفاظتی انتظامات پر مامور کرینگے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہوٹل فراہم نہ کرنے کا معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا جائے گا، آئندہ ہفتے سپر لیگ کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس ہو گا،وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک کی پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 8 فروری 2013 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔8فروری۔ 2013ء) وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر اے رحمن ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں صف اول کا اتحادی ہونے کے باعث ہماری کرکٹ کو نقصان پہنچا ہے، پاکستان سپر لیگ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی، پی سی بی کی مرضی کے سکیورٹی اداروں کو حفاظتی انتظامات پر مامور کرینگے اور خصوصی ایس او پیز بنائے جائیں گے، پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ہوٹل فراہم نہ کرنے کا معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا جائے گا، آئندہ ہفتے سپر لیگ کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

وہ جمعہ کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر پی سی بی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان صف اول کے اتحادی کا کردار دا کررہا ہے اس سے جہاں ملکی معیشت نقصان سے دوچار ہوئی ہے وہاں کرکٹ کے کھیل کو نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپر لیگ میں شمولیت کے لئے آنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں اور کوچز کو آئی سی سی کے معیار کے مطابق سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی جہاں چاہے میچوں کا انعقاد کرائے۔ وزارت داخلہ فول پروف سکیورٹی فراہم کرے گی اور اس کے لئے صوبوں کو خصوصی احکامات جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپر لیگ کی سکیورٹی کے لئے خصوصی ایس او پیز تیار کئے جائیں گے اور آئندہ ہفتے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پی سی بی کی سکیورٹی ٹیم سے میٹنگکی جائے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ہوٹل فراہم نہیں کیا اس پر سرکاری سطح پر بھارت کے ساتھ احتجاج کیا جائے گا۔