نوڈیرو‘ کھوڑو برادری کے 100 سے زیادہ مسلح افراد کا ممتاز بھٹو کے ہاریوں کے گاؤں پر حملہ،فائرنگ سے ایک شخص ہلاک‘ 3 زخمی ‘ پولیس موقع پرپہنچنے کے باوجود خاموش تماشائی بنی رہی

ہفتہ 23 فروری 2013 18:54

نوڈیرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23فروری۔2013ء) نوڈیرو کے نزدیک کچے کے علاقے میں بھٹو برادری اور کھوڑو برادری کے درمیان زرعی زمین کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ‘ تازہ واقعہ میں 100 سے مسلح افراد کی ممتاز علی بھٹو کے ہاریوں کے گاؤں پر ہلکے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ ‘ ایک شخص جاں بحق ‘ 3 زخمی ہو گئے‘ پولیس موقع پر پہنچنے کے باوجود خاموش تماشا دیکھتی رہی۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو نوڈیرو کے نزدیک کچے کے علاقے میں گزشتہ کچھ ماہ سے جاری کھوڑو برادری اور بھٹو برادری کے درمیان زرعی زمین کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ کھوڑو برادری کے ایک سو سے زائد مسلح افرد نے سردار ممتاز علی بھٹو کے ہاریوں کے گاؤں پر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کر کے ان کے ہاری محمد پیرل ولد محمد عیسیٰ کو قتل کر دیا جبکہ فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد نوڈیرو اور کیٹی ممتاز پولیس اسٹیشن کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور کوئی قانونی کارروائی کرنے کی بجائے اس خونی تنازعہ کو دیکھتے رہے جس کے نتیجے میں کھوڑو برادری کے 100 سے زائد مسلح افراد آسانی سے کارروائی کر کے فرار ہو گئے۔ ایس ایچ او کیٹی ممتاز نے مقتول محمد پیرل کی نعش اپنی تحویل میں لے کر سول ہسپتال نوڈیرو میں پوسٹ مارٹم کروا کر ورثاء کے حوالے کر دی ۔ آخری اطلاعات تک واقعہ کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔