مظفرآباد کے تاجروں کے پرامن جلوس پر پولیس تشدد، جامعہ کشمیر کے طلباء پر شیلنگ قابل مذمت ہے ‘ریاستی حکومت کی طرف سے اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے تاجروں پرتشدد کیا گیا، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزادکشمیر گلگت بلتستان زون کے چیف آرگنائزر راجہ غلام مجتبیٰ کا بیان

جمعہ 22 مارچ 2013 15:49

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 22مارچ 2013ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آزادکشمیر گلگت بلتستان زون کے چیف آرگنائزر راجہ غلام مجتبیٰ نے مظفرآباد کے تاجروں کے پرامن جلوس پر پولیس تشدد، جامعہ کشمیر کے طلباء پر شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ریاستی حکومت کی طرف سے اپنی ناکامی کو چھپانے کی بھونڈی کوشش قرار دیا ہے۔

سنٹرل انفارمیشن آفس سے جاری کئے گئے اپنے مذمتی بیان میں فرنٹ کے زونل چیف نے کہا کہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی آزادکشمیر کے عوام کا حق ہے جس کا وعدہ منگلا ڈیم کی تعمیر کے وقت ان سے کیا گیا تھا لیکن جب گھنٹوں بجلی بند رہتی ہے تو اس بندش کیخلاف احتجاج کرنا تاجروں اور عوام کا بنیادی انسانی و جمہوری حق ہے۔ بندوق اور ریاستی طاقت کے زور پر تاجر برادری اور عوام سے یہ حق چھینا نہیں جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنی عوام کو طاقت کے زور پر چپ کروانے اور وحشیانہ تشدد کے زریعے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کے بجائے واپڈا کے ساتھ بجلی کی ترسیل کے معاملے کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ جب منگلا ڈیم کی تعمیر کا معاہدہ کیا گیا تب یہ بات طے پائی تھی کہ منگلا ڈیم سے پیدا ہونے والی بجلی سے پہلے آزادکشمیر کے عوام کی ضروریات پوری کی جائیں گی اور خطہ کے عوام کو بجلی پیداواری نرخوں پہ فراہم کی جائے گی لیکن اس کے برعکس نہ تو آزادکشمیر کے عوام کی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں نہ ہی انہیں پیداواری نرخوں پہ بجلی فراہم کی جا رہی ہے جو کہ ریاستی عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ظلم اور نا انصافی کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ریاستی عوام کا بنیادی انسانی اور جمہوری حق ہے جس کو طاقت کے زریعہ روکنے کی حکومتی کوششوں کے خطرناک نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزادکشمیر کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے یہاں کے عوام کو پیداواری نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے ۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ منگلا ڈیم کا حق ملکیت کشمیری عوام کو دیا جائے کیونکہ اس کے مالک وہ کشمیری ہیں جنہوں نے اپنی جائیدادوں کی قربانی دی اور اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو بھی پانی کی نذر کر دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار تاجر رہنماؤں کو فی الفور رہا کیا جائے اور ان کیخلاف قائم کئے گئے مقدمات کو واپس لیا جائے ۔ انہوں نے آزادکشمیر کے تاجروں کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے انہیں اس بات کا بھی یقین دلایا کہ لبریشن فرنٹ کی قیادت اور اس کے کارکن تاجروں کی اس تحریک کے ساتھ ہیں ۔

متعلقہ عنوان :