کشمیر اور بنگلہ دیش ایک ہی دشمن کے نرغے میں ہیں ،کشمیری عوام پاکستان کی شہ رگ کو دشمن کے خونی پنجے سے آزاد کرانے کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ، ہمارے لیے مسئلہ کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، پیچھے ہٹنا اور بھارت کی بالادستی قبول کرنا کوئی غیر ت مند پاکستانی گوارا نہیں کر سکتا،کشمیر ی عوام کو حق خود ارادیت دینا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کا فرض ہے ، جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کو اپنے منشور کا حصہ بنا یا ، جماعت اسلامی کے امیرمنورحسن کی آزاد و مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 25 مارچ 2013 20:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25مارچ۔2013ء) جماعت اسلامی کے امیرسیدمنورحسن نے کہاہے کہ کشمیری عوام پاکستان کی شہ رگ کو دشمن کے خونی پنجے سے آزاد کرانے کے لیے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ، پاکستانی قوم کشمیری عوام کی شکر گزار ہے کہ جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر دیا ہے،ہمارے لیے مسئلہ کشمیر زندگی اور موت کا مسئلہ ہے جس سے پیچھے ہٹنا اور بھارت کی بالادستی قبول کرنا کوئی غیر ت مند پاکستانی گوارا نہیں کر سکتا، کشمیر اور بنگلہ دیش ایک ہی دشمن کے نرغے میں ہیں ، کشمیر ی عوام کو حق خود ارادیت دینا عالمی برادری اور اقوام متحدہ کا فرض ہے ، جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کو اپنے منشور کا حصہ بنا یاہے ۔

وہ پیرکوآزاد و مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں کے ایک وفد سے منصورہ میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کر رہے تھے اور اس میں آزاد کشمیر اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے رہنما سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر ، جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی ، جمعیت علمائے اسلام و ملی یکجہتی کونسل کشمیر کے صدر سعید یوسف ، مسلم کانفرنس کے صغیر چغتائی ، غلام محی الدین دیوان ،آل پارٹیز حریت کانفرنس مقبوضہ کشمیر کے محمود ساغر ، سید علی گیلانی کے ترجمان غلام محمد صفی ، یاسین ملک کے ترجمان رفیق ڈار کے علاوہ فاروق آزاد ، محمود الحسن چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر مرتضیٰ درانی بھی شامل تھے ، جبکہ ملاقات میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد کمال ، چوہدری محمد اسلم سلیمی ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان ، ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبدالغفار عزیز، ادارہ معارف منصورہ کے ڈائریکٹر حافظ محمد ادریس ، حافظ ساجد انور ، وقاص انجم جعفری ، اظہر اقبال حسن ، نذیر احمد جنجوعہ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے ۔

سید منورحسن نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیر کو بھولے ہیں نہ اس کو پس پشت ڈالا ہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کی سا لمیت اور تکمیل کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل چاہتی ہے ۔ عالمی برادری کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو ختم اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق ،حق خود ارادیت دلانے کے لیے بھارت کو راہ راست پر لانا ہوگا۔قبل ازیں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ ہمارا وفد مقبوضہ و آزاد کشمیر کی تمام سیاسی و دینی جماعتوں کا نمائندہ وفد ہے ۔

ہم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی پستی بان جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں اس لیے حاضر ہوئے ہیں کہ آئندہ انتخابات کے موقع پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں آزادی کشمیر کو اپنی الیکشن مہم کا حصہ بنا کر عالمی سطح پر کشمیریوں کی آزاردی کے لیے آواز کو بلندکریں ۔ انہوں نے کہاکہ سید مودودی  اور ان کی قائم کردہ جماعت اسلامی کا مسلمانان برصغیر کی خدمت اور خصوصاً کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں جو کردار ہے ، وہ کسی اور جماعت کا نہیں اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ جماعت اسلامی ہی ہماری سرپرست ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت 65 سال سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہاہے اس نے ساڑھے سات لاکھ فوج کے ذریعے کشمیر پر قبضہ کر رکھاہے ۔ ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کے قتل عام ، لاکھوں کو اذیت خانوں میں بند کرنے اور ہماری ہزاروں ماؤں بہنوں ، بیٹیوں کی عصمتیں تار تار کرنے کے باوجو د وہ ہمارے آزادی کے مطالبے کو دبا نہیں سکا ۔ ہمارے پانچ سالہ بچے کو نیزوں میں پرو یا گیا مگر وہ نیزے کی نوک پر بھی آزادی کشمیر کے نعرے لگارہا تھا ۔ انہوں نے اپنے وفد کے منصورہ میں پرتپاک استقبال پر امیر جماعت اسلامی سید منوحسن کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ ، راجہ فاروق حیدر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔