شہید ذوالفقار بھٹو صدی کے عظیم لیڈر ہیں ‘آنے والا مورخ ان کی شاندار قومی و ملی خدمات پر انہیں سنہری حروف میں لکھے گا ‘شہید بھٹو نے آمرانہ و جابرانہ نظام کو ٹھوکر مارکر بے کس عوام کو زبان دی اور انہیں اپنے حقوق لینے کی آواز دی ‘بے بس افراد کے درمیان کھڑے ہو کر انہیں ریلیف فراہم کیا ‘شہید بھٹو کشمیریوں کے محسن ہیں‘پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی‘ مسئلہ کشمیر پیپلزپارٹی کی تخلیق کی وجہ بنی‘شہید بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو کولڈ سٹوریج سے نکال کر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرایا‘ذوالفقار بھٹو کشمیریوں سے خاص انسیت رکھتے تھے ‘انہوں نے ساری زندگی کشمیریوں سے اپنی کمٹمنٹ نبھائی ‘ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے ایک ہزار سال جنگ لڑنے کا اعلان کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کاپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار بھٹو کی 34ویں برسی کی تقریب سے خطاب

جمعرات 4 اپریل 2013 13:35

نوڈیرو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 4اپریل 2013ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار بھٹو صدی کے عظیم لیڈر ہیں ‘آنے والا مورخ ان کی شاندار قومی و ملی خدمات پر انہیں سنہری حروف میں لکھے گا ‘شہید بھٹو نے آمرانہ و جابرانہ نظام کو ٹھوکر مارکر بے کس عوام کو زبان دی اور انہیں اپنے حقوق لینے کی آواز دی ‘بے بس افراد کے درمیان کھڑے ہو کر انہیں ریلیف فراہم کیا ‘شہید بھٹو کشمیریوں کے محسن ہیں‘پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی‘ مسئلہ کشمیر پیپلزپارٹی کی تخلیق کی وجہ بنی‘شہید بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو کولڈ سٹوریج سے نکال کر بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرایا‘ذوالفقار بھٹو کشمیریوں سے خاص انسیت رکھتے تھے ‘انہوں نے ساری زندگی کشمیریوں سے اپنی کمٹمنٹ نبھائی ‘ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے ایک ہزار سال جنگ لڑنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز یہاں پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا وہاں اس ملک کو آئین دیا ۔پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر اس کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا اور بین الاقوامی دنیا میں اس کا تشخص اجاگر کیا ۔

انہوں نے عالم اسلام کو متحد و منظم کیا اور پاکستان میں پہلی بار عالمی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کروایا ۔قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلوایااور مسلم امہ کا عظیم لیڈر ہونے کا ثبوت دیا ۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے ۔گڑھی خدا بخش کے شہداء کے لہو کی وجہ سے پاکستان مستحکم ہوا اور جمہوریت کو فروغ ملا ۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر چڑھ جانے کے بعد شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی 29سالہ سیاسی جدوجہد میں کشمیریوں سے اپنی کمیٹمنٹ کو نبھایا ۔او آئی سی میں کشمیریوں کو مبصر کا درجہ دلوایااور مسئلہ کشمیر کو انٹرنیشنلائز کیا ۔انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے کہا تھا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہا ں ہمارا لہو گرے گا ۔

لیڈر شپ کے ویژن اور افکار کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے آگے بڑھایااور مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک اور جرات مندانہ فیصلہ کر کے کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو نئی قوت اور جلہ بخشی۔صدر پاکستان آصف علی زرداری کے جرات مندانہ اور دانش مندانہ پالیسیوں سے پاکستان کو استحکام اور جمہوریت کو فروغ ملاحالانکہ جمہوری نظام کو ڈی ٹریک کرنے کی سازشیں کی گئیں مگر کمال دانش اور جرات مندانہ پالیسیوں سے سازشیوں کی تمام سازشیں ناکام ہوئیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی میں شرکت کے لیئے آزاد کشمیر بھر سے پی ایس ایف ،پی وائی او ،ضلعی تنظیموں کے نمائندوں ،آزاد کشمیر کے وزراء ،سیاسی و سماجی شخصیات آئی ہیں جنہوں نے شہید رہنما کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔میں آزاد کشمیر کے وزراء ،پی ایس ایف ،پی وائی او ،ضلعی تنظیموں کے نمائندوں ،سیاسی و سماجی شخصیات کا شکر گزار ہوں جو میری کال پر یہاں پہنچے ہیں ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لاڑکانہ ہمارا سیاسی قبلہ ہے اور ہم نے گڑھی خدا بخش کی لیڈر شپ سے سیاسی بیعت حاصل کر رکھی ہے ۔پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ نے ہمیں جو پرچم عطاء کیا ہم اس پرچم کو سربلند رکھیں گے اور اسے سرنگوں نہیں ہونے دیں گے ۔وزیرا عظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میر ی آخری خواہش ہیکہ پیپلزپارٹی کے پرچم میں ہی مجھے دفن کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل بلاول بھٹو زرداری سے وابستہ ہے ۔بلاول بھٹو زرداری ایک عظیم لیڈر ہیں اور آئندہ پاکستان کے کم عمر ترین وزیراعظم ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوامی قوت کا نا م ہے اوریہ کوہ ہمالیہ سے بلند ہے پیپلزپارٹی سے ٹکرانے والے پاش پاش ہوں گے ۔پاکستان کے آئندہ عام انتخابات میں پیپلزپارٹی لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرے گی ۔