کراچی سے خیبر تک کشمیری مہاجرین پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر پارٹی کی لیڈر شپ سے وفا نبھائیں گے‘شہید ذالفقار بھٹو ‘ بے نظیر بھٹو نے ساری زندگی کشمیریوں سے کمٹمنٹ نبھائی ‘ صدرزرداری نے مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ موٴقف اپنا کر کشمیر کاز کو تقویت پہنچائی ‘ لیڈرشپ نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کیا اور جمہوریت کو فروغ دیا‘ مستحکم جمہوری پاکستان ہی تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے‘ پیپلز پارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ‘ پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے حل طلب معاملات کو یکسو کرکے مہاجرین کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ رہائشی کالونیاں تعمیر کریں گے ، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کی راولپنڈی اسلام آباد ڈویژن کے بہت بڑے وفد سے بات چیت

ہفتہ 6 اپریل 2013 16:14

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 6اپریل 2013ء) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ کراچی سے خیبر تک پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین پیپلز پارٹی کو ووٹ دے کر پارٹی کی لیڈر شپ سے وفا نبھائیں گے‘، پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذالفقار علی بھٹو ، شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو نے ساری زندگی کشمیریوں سے کمٹمنٹ نبھائی ، صدر آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ موٴقف اپنا کر کشمیر کاز کو تقویت پہنچائی ‘ لیڈرشپ نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کیا اور جمہوریت کو فروغ دیا‘ مستحکم جمہوری پاکستان ہی تحریک آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے ، پیپلز پارٹی جس کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ہی تحریک آزادی کشمیر کی ضامن ہے ، پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کے حل طلب معاملات کو یکسو کریں گے اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ رہائشی کالونیاں تعمیر کریں گے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز یہاں کشمیر ہاؤس میں راولپنڈی اسلام آباد ڈویژن کے بڑے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے کچی آبادی میں مقیم مہاجرین کے جملہ معاملات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ، اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر قانون سید اظہر گیلانی بھی موجود تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مہاجرین جموں و کشمیر ہمارے وجود کا حصہ ہیں ، تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے پاکستان میں مہاجرین کے12حلقوں کو نارمل میزانیہ میں شامل کیا اور آزاد کشمیر کے دیگر حلقوں کی طرح پاکستان میں مہاجرین کے ان حلقوں کو بھی تعمیر و ترقی کے یکساں فنڈز فراہم کیے گئے ، وزیراعظم آزا دکشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے پہلی بار 30ہزار سے زائد مہاجرین جموں و کشمیر کو مالکانہ حقوق دیئے ، انہوں نے کہا کہ روٹی ، کپڑا اور مکان شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نعرہ ہے جس کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے ، پیپلز پارٹی کی حکومت نے روزگار کے مواقع فراہم کیے ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بے سہارا لوگوں کو امداد فراہم کی ، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کوئی شخص بے گھر نہیں رہے گا ۔