ریاست جموں وکشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے‘ ریاست کی آزادی اور پاکستان سیالحاق ہمارا ایمان کاجزو ہے‘ کشمیری نصف صدی سے آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ‘بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو آزادی سے محروم نہیں رکھ سکتا ‘حق خودارادیت کشمیری عوام کا پیدائشی حق ہے‘ بھارت نے مقبول بٹ شہید کے بعد افضل گورو شہید کو بھی جیل کے اندر دفن کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ‘آزاد کشمیر حکومت نے افضل گورو کی پھانسی کے بعد آزاد کشمیر میں جو تحریک شروع کی اس کے بین الاقوامی سطح پر اثرات مرتب ہوئے ‘مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی اور ایک بار پھر مسئلہ کشمیر فلیش پوائنٹ بن گیا، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 9 اپریل 2013 16:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 9اپریل 2013ء ) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ایک ناقابل تقسیم وحدت ہے‘ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی اور اسکا پاکستان کے ساتھ الحاق ہمارا جزو ایمان ہے‘ کشمیری نصف صدی سے ریاست کی آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں لیکن بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو آزادی سے محروم کر رکھا ہے‘ حق خودارادیت کشمیری عوام کا پیدائشی حق ہے۔

جو اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے‘ افضل گورو کی پھانسی کے بعد ریاست جموں و کشمیر میں سنگین صورتحال پیدا ہوئی کیونکہ بھارت نے مقبول بٹ شہید کے بعد افضل گورو شہید کو بھی جیل کے اندر دفن کرنا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے‘ آزاد کشمیر کی حکومت نے افضل گورو کی پھانسی کے بعد آزاد کشمیر میں جو موومنٹ کی اس کے بین الاقوامی سطح پر اثرات مرتب ہوئے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی اور ایک بار پھر مسئلہ کشمیر فلیشن پوائنٹ بن گیا۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو یہاں کشمیر ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر تعلیم کالجز پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات و پارلیمانی آئینی کمیٹی کے چیئرمین محمد مطلوب انقلابی، آزاد کشمیر کے وزیر قانون و پارلیمانی امور سید اظہر گیلانی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی کرنل (ر) راجہ ضمیر خان، وزیر اعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار امجد یوسف اور وزیر اعظم کے میڈیا کوآرڈینٹر چوہدری محمد شفیق بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور سیاسی جماعتوں نے تاریخی کردار ادا کیا ہے پاکستان میں عام انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عام انتخابات میں اپنی پانچ سالہ کارکردگی اور پوری عوامی قوت کے ساتھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں انتخابات میں جا رہی ہے۔ پیپلز پارٹی کو عوام کی بھرپور حمایت اور تاحید حاصل ہے۔

مسلم لیگ ن کا مقابلہ پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں کرے گی اور کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آباد کشمیری مہاجرین اور دیگر کشمیری پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے اور پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی میں کشمیری کلیدی کردار ادا کریں گے۔ چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر ہیں خود پارٹی صدر کی حیثیت سے الیکشن مہم چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہاجرین جموں وکشمیر ہمارے جسم کا حصہ ہیں۔ میری حکومت نے مہاجرین جموں وکشمیر کو تمام تر بنیادی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ مہاجرین کیلئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا اور ان کے جملہ مسائل حل کرنے کیلئے حکومت آزاد کشمیر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف 10 دن تک پاکستان کی جیل میں نہ رہ سکے اور کہا کہ مجھے مچھر کھاتے ہیں میں پاکستانی جیلوں میں نہیں رہ سکتا اور وہ خود درخواست کر کے سعودی عرب چلے گئے جو لیڈر 10 دن تک پاکستانی قوم کی خاطر جیل میں رہ کر مشکلات کا سامنا نہ کر سکا وہ قوم کی کیا قیادت کرے گا۔

پیپلز پارٹی کی قیادت نے نہ صرف قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تو ان کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید پاکستانی قوم کی خاطر پاکستان آئیں۔ تو ان کو لیاقت باغ میں شہید کر دیا گیا۔ آصف علی زرداری کو جیل میں اذیت دی گئی لیکن ہماری قیادت کے پایہ استقلال میں لغزش نہ آئی۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی تعمیر نو میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے 20 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکج دے کر آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ گہری محبت کا ثبوت دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت اللہ کی مہربانی سے مضبوط و مستحکم ہے۔ پارلیمانی پارٹی میرے ساتھ ہے۔ پیپلز پارٹی ایک نظریاتی جماعت ہے اس کے اندر کسی کو جماعت بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

پارٹی کے اندر ڈسپلن کی پابندی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے نظریاتی غریب اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو صوابدیدی عہدوں پر ایڈجسٹ کیا ہے۔ مزید کارکن ایڈجسٹ کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکن میرا اثاثہ اور سرمایہ ہیں۔ کارکنوں کو مایوس نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز اپرٹی میری کل کائنات ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاسی و نظریاتی اختلافات اپنی جگہ پر لیکن مسئلہ کشمیر کے ایک نکاتی ایجنڈے پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتحاد مثالی ہے۔