کشمیر یوں کے قتل عام اورانسانیت سوز مظالم کے ذریعے کشمیریوں کے عظیم جذبات آزادی کو سرد نہیں کیا جاسکتا،انتخابی مہم میں کشمیرمرکزی نطقے کے طورپر پی پی پی کی قیادت کے پیش نظر ہوگا ،عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر خاموشی نہ توڑی تو خطے کا امن تباہ ہوسکتا ہے،آزادکشمیر کے وزیر سیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ کی وفدسے گفتگو

اتوار 14 اپریل 2013 17:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14اپریل۔ 2013ء) آزادکشمیر کے وزیر سیاحت وشہری دفاع عبدالسلام بٹ نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کے قتل عام اورانسانیت سوز مظالم کے ذریعے کشمیریوں کے عظیم جذبات آزادی کو سرد نہیں کیا جاسکتا،انتخابی مہم میں کشمیرمرکزی نطقے کے طورپر پی پی پی کی قیادت کے پیش نظر ہوگا ۔عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر خاموشی نہ توڑی تو خطے کا امن تباہ ہوسکتا ہے ۔

یہاں کشمیری مہاجرین کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت میں کشمیر یوں کی نسل کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عالمی برادی کی خاموشی مادیت پسندی اور دوہرے معیارکی واضح دلیل اور دنیا کے امن کے لیے تباہ کن ہے ۔پاکستانی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کے بنیادی حق آزادی کی حمایت کی ہے ،صدر زرداری سے لے کر پی پی پی کی ہر سطح کی قیادت تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے کوشاں رہی ہے ،انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کے لیے اصول موقف کو بنیادی حیثیت حاصل رہے گی جس سے کشمیریوں کے حوصلوں کو تقویت ملے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی مدد اور مہاجرین کی مشکلات کا ازالہ ترجیح اول کے طورپر شامل ہے ، ہر فورم میں بے باکی سے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کیا جاتا رہا ہے اور یہ سلسلہ جاری وساری رہے گا۔ عبدالسلام بٹ نے کہا کہ تحریک آزادی نئے مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ،بھارت سے نفرت کی شدت روزبروز بڑھتی جارہی ہے جس کی وجہ فوج کے ذریعے کشمیریوں پر نہ مٹنے والے زخم ہیں ۔

نئی نسل کو بھارت کے خلاف نفرت ورثے میں ملتی ہے اور وہ کشمیرکی آزادی کے لیے نئے ولولے کے تحت برسرپیکار ہوجاتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صدر زرداری سمیت پی پی پی کی قیادت نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے ۔ان کا آزادکشمیر کا دورہ اسی محبت کا آئینہ دار ہوگا۔

متعلقہ عنوان :