متوقع بارشوں کی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے بارے موثر حکمت عملی طے کرنے کیلئے مشاروتی اجلاس، مون سون کی بارشوں کے پیش نظر قبل از وقت ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں ، ممکنہ صورتحال میں لوگوں کی جان ومال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، ان کومحفوظ جگہ پر منتقل کرکے نقصانات کو کم سے کم کیا جائے،کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان گل کی متعلقہ اداروں کو ہدایت

جمعہ 21 جون 2013 22:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21جون۔ 2013ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان گل کی صدارت میں ڈویژن میں مون سون کے متوقع شدیدبارشوں کی پیش نظر ممکنہ صورتحال اور موثر حکمت عملی طے کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کیساتھ مشاروت کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں قائمقام ڈپٹی کمشنر کوئٹہ طارق حسین، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد اسلم سومرو،اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو پشین کے علاوہ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر ریونیو نوشکی بھی موجود تھے۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہاکہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر ایسے ٹھوس اور عملی اقدامات قبل از وقت کئے جائیں تاکہ ممکنہ صورتحال میں لوگوں کی جان ومال کی حفاظت اور انہیں محفوظ جگہ پر منتقل کرکے نقصانات کو کم سے کم کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیلابی راستوں پر قائم غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لئے محکمہ اریگیشن سروے مکمل کرکے قدرتی آبی گزرگائیوں اور نالوں کو صاف رکھنے کے علاوہ ان میں رکاوٹوں کو ختم کیا جائے تاکہ یہ کسی آفت کا موجب نہ بن سکیں۔

انہوں نے کہاکہ ممکنہ صورتحال میں مکمل پلان مرتب کیا جائے جس میں کنٹرول روم ،خیموں ،خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاء کی بروقت فراہمی ،سیلاب کی صورت میں آنے والے افراد کی منتقلی ،رہائش،خوراک ،پانی کے لئے بھی بندوبست شامل ہیں۔اسی طرح بڑی اور چھوٹی مشینوں کی بروقت استعمال کے ساتھ تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے بھی ضروری ہے۔ اجلاس میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں ممکنہ سیلاب کے حوالے سے ضروری اقدامات کے سلسلے میں شرکاء نے مختلف تجاویز بھی دیں۔