سانحہ نانگا پربت سے ملکی وقار کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کر نے کیلئے کمر بستہ ہو جائیں، پاکستان کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈا کا فوری ازالہ کیا جائے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی دنیا بھر میں تعینات وزارت اطلاعات کے افسران کو ہدایت

بدھ 26 جون 2013 23:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔26جون۔2013ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں میں تعینات وزارت اطلاعات کے افسران کو سانحہ نانگا پربت کی وجہ سے ملکی وقار کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بین الاقوامی میڈیا میں پاکستان کے حقیقی تشخص کو اجاگر کر نے کے لیے ہدایات جاری کر دیں، بدھ کو دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور ہائی کمشنر میں تعینات پریس منسٹرز، پریس قونصلرز اور پریس اتاشیوں کو بھجوائے گئے خط میں انہیں کہا گیا ہے کہ وہ سانحہ نانگا پربت سے ملکی وقار اور تشخص کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کے لیے کمر بستہ ہو جائیں، وزیر اطلاعات کی طرف سے بھیجے گئے خط میں وزارت اطلاعات کے افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ جن ممالک میں تعینات ہیں وہاں کے میڈیا کے ذریعے ان ممالک کے عوام کو بتایا جائے کہ پاکستان غیر ملکی شہریوں کے لیے محفوظ مقام ہے، دہشت گردی کا یہ واقعہ پاکستان کو بدنام کر نے کی ایک منظم ساز ش کا حصہ ہے جبکہ پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے اور حالیہ برسوں میں پاکستان کے 50 ہزار سے زائد شہری اور سیکورٹی اہلکار اس کا نشانہ بن چکے ہیں اور پاکستان کو دہشت گردی کی وجہ سے تقریباً100 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ بیرونی دنیا کو بتایا جائے کہ دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا میں کسی اور ملک نے اتنی زیادہ قربانیاں نہیں دیں، وزارت اطلاعات کے افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر بیرونی میڈیا خاص طور پر اخبارات اور ٹی جی چینلز کے دفاتر کا دورہ کر کے انہیں پاکستان کے بارے میں مثبت مواد فراہم کیا جائے اور اس سانحہ کی وجہ سے میڈیا میں پاکستان کے بارے میں آنے والے حتفی خبروں اور دیگر مواد کے شائع ہو نے پر فوری رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کا جوا ب دے کر دنیا کو پاکستان کے حقیقی چہرے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں سے آگاہ کیا جائے۔